نرگس کو اکشے کے ساتھ کام کے لیے فرصت نہیں

نرگس کو ہالی وڈ کی ایک فلم میں اداکاری کا آفر آیا ہے
،تصویر کا کیپشننرگس کو ہالی وڈ کی ایک فلم میں اداکاری کا آفر آیا ہے

بالی وڈ کی نو وارد اداکارہ نرگس فخری نے جنھوں نے ابھی صرف دو فلموں میں کام کیا ہے انھوں نے اکشے کمار کی فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

وہ اکشے کمار کی آنے والی فلم ’شوقین‘ میں نظر آنے والی تھیں۔

خبر یہ ہے کہ نرگس کو ہالی وڈ سے آفر ملی ہے اور وہ ہالی وڈ کی ایک فلم میں کام کرنے والی ہیں۔ اور جب ہالی وڈ سے آفر ہو تو بالی وڈ کا کیا ہے؟

لہذا ان کے پاس اب اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے کے لیے وقت نہیں۔

سنہ 2011 میں ’راك سٹار‘ سے اپنے بالی وڈ کیریئر کا آغاز کرنے والی نرگس اپریل میں فلم ’میں تیرا ہیرو‘ نظر آنے والی ہیں۔ ان کے ساتھ اداکار ورون دھون ہیں۔

اطلاعات کے مطابق نرگس کے فیصلے سے اکشے کمار بے حد ناراض ہیں۔ اب نرگس کے رول کے لیے شردھا کپور سے بات چیت کی جا رہی ہے۔

فلم شوقین 1982 میں ریلیز ہونے والی باسو چٹرجی کی سپر ہٹ فلم شوقین کا ری میک ہے۔ پہلی فلم میں اشوک کمار، اتپل دت اور اے کے ہنگل کے ساتھ متھن چکرورتی اور رتی اگنی ہوتری نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

آشوتوش جیسے ہدایت کار کو انکار؟

گذشتہ سال دیپکا کی تمام فلمیں کامیاب رہیں اور انھیں بہترین اداکاری کے ایوارڈز بھی ملے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنگذشتہ سال دیپکا کی تمام فلمیں کامیاب رہیں اور انھیں بہترین اداکاری کے ایوارڈز بھی ملے

فلم ’لگان‘ اور ’جودھا اکبر‘ جیسی تاریخی فلمیں بنانے کے بعد اب ہدایت کار آشوتوش گوواريكر تہذیب پارینہ ’موہن جودڑو‘ پر فلم بنانے کی منصوبہ بندی میں لگے ہوئے ہیں۔

تاہم اطلاعات کے مطابق ابھی تک انھیں اپنی اس تاریخی فلم کے لیے کوئی ہیروئن نہیں مل پائی ہے۔

اس سلسلے میں پہلے ان کی نظر انتخاب اداکارہ دیپکا پاڈوکون پر پڑی تھی لیکن دیپیکا نے فلم کا حصہ بننے سے انکار کر دیا۔

اس کے بعد انھوں نے بالی وڈ کی خوبصورت ترین تصور کی جانے والی ہیروئن قطرینہ کیف سے رجوع کیا لیکن انھوں نے بھی انکار کر دیا۔

دیپیکا اگلے دو سال تک فارغ نہیں اور وہ ہیپی نیو ایئر کے علاوہ شدھی اور ونڈو سیٹ جیسی فلموں کی شوٹنگ میں مشغول ہوں گی۔

قطرینہ کے انکار کی وجہ بھی مصروفیت ہی ٹھہری۔ بہر حال گواریکر سے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

ان کی اس فلم میں ریتک روشن شامل ہیں۔