بالی وڈ راؤنڈ اپ

ابھی شادی کا ارادہ نہیں ہے: قطرینہ کیف

قطرینہ کیف کی گذشتہ فلم عام خان کے ساتھ آئی تھی جس نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی تھی

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنقطرینہ کیف کی گذشتہ فلم عام خان کے ساتھ آئی تھی جس نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی تھی

بالی وڈ کی گلیمرگرل قطرینہ کیف کی شادی کے متعلق نت نئی خبریں گردش میں رہتی ہیں۔ حال ہی میں بعض اخبارات میں یہ خبر آئی کہ قطرینہ جلد شادی کرنے والی ہیں۔

ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے قطرینہ نے کہا کہ ’کچھ اخبارات میں اس طرح کی باتیں آئی ہیں لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ اگر ایسا کچھ ہوتا ہے تو میں وہ پہلی ایسی شخص ہوں گی جو اس بارے میں اعلان کروں گی لیکن فی الحال ایسا کچھ نہیں ہے۔‘

ایسی افواہوں پر اپنے خاندان کے رد عمل پر بات کرتے ہوئے قطرینہ نے کہا کہ ’میرے خاندان والے تو یہ سب پڑھتے ہی نہیں ہیں۔ مجھے بھی پتہ نہیں چلتا اگر کسی نے مجھے میسیج کر کے نہ بتایا ہوتا۔‘

بہر حال قطرینہ کا کہنا ہے کہ اس قسم کی چھوٹی موٹی باتوں سے ان کی زندگی پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

سونم کپور کو حکومت سے شکایت

سونم کپور کی تازہ فلم بے وقوفیاں کے بارے میں ملے جلے تاثرات ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنسونم کپور کی تازہ فلم بے وقوفیاں کے بارے میں ملے جلے تاثرات ہیں

بالی وڈ اداکارہ سونم کپور کی باتیں عام طور پر ان کے سٹائلش لباس کے لیے ہوتی ہیں لیکن ان دنوں وہ خواتین سے متعلق مسائل پر اپنے بیان کے لیے بھی بحث کا موضوع بنی ہوئي ہیں۔

ممبئی میں ایک کاسمیٹک کمپنی کے تحت خواتین کو اعزازات سے نوازے جانے والی تقریب میں سونم بھی مدعو تھیں۔

اس موقعے سے انھوں نے کہا کہ ’میں پورے بھارت کی خواتین کو صرف یہی مشورہ دوں گی کہ وہ اپنی حفاظت آپ کریں۔ مجھے کبھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ ممبئی کے بارے میں بھی اس قسم کی بات کرنی پڑے گی لیکن کیا کروں جب حکومت کچھ نہیں کر رہی ہے تو ایسا کہنا پڑتا ہے۔ کسی کو کچھ کہنے سے کیا فائدہ خواتین کو اپنی حفاظت خود کرنی ہوگي۔‘

تاہم سونم نے یہ بھی کہا کہ ’انتخابات میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ وہ چاہیں تو تبدیلی لا سکتی ہیں۔‘

’لیڈروں کو فلم سٹارز سبق سکھا سکتے ہیں‘

انوپم کھیر نے فلم کرما میں ڈاکٹر ڈینگ سے اپنی پہچان بنائی تھی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنانوپم کھیر نے فلم کرما میں ڈاکٹر ڈینگ سے اپنی پہچان بنائی تھی

اداکار انوپم کھیر ان دنوں انتخابی موڈ میں نظر آ رہے ہیں اور کیوں نہ رہیں کیونکہ ان کی اہلیہ کرن کھیر آئندہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں جو ہیں۔ انوپم کھیر ان کی پرزور حمایت کر رہے ہیں۔

خواتین کو انتہائی مضبوط قرار دیتے ہوئے انوپم کھیر اس بات کی بھی پرزور مخالفت کر رہے ہیں کہ سیاست فلمی ستاروں کے بس کی بات نہیں ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’یہ ایک غلط تاثر ہے کہ فلمی ستارے سیاست نہیں کر سکتے یا وہ اگر آئیں تو ان میں اتنی سیاسی سمجھ نہیں ہوگی۔ میرے خیال سے ایسے بہت سے فلمی ستارے ہیں جو رہنماؤں کو سبق سکھا سکتے ہیں۔‘