بالی وڈ راؤنڈ اپ
کمایا نہیں گنوایا ہے: عامر خان

،تصویر کا ذریعہAFP
معروف اداکار عامر خان اپنے اصولوں کے لیے جانے جاتے ہیں خواہ وہ سال میں صرف ایک ہی فلم میں کام کرنے کا فیصلہ ہو یا پھر پیسے کمانے کے طریقے کا۔
حال ہی میں عامر خان سے جب ان کی آمدنی کے متعلق سوال پوچھا گیا تو عامر نے بہت صاف انداز میں کہا: ’میں صرف اچھے کام کے ہی پیسے لیتا ہوں۔ پیسے لے کر میں خراب کام بھی تو کر سکتا ہوں۔ اگر میں کسی چیز میں اپنا ایک سال دے رہا ہوں تو پیسے تو لوں گا ہی۔‘
عامر یہ بھی کہتے ہیں کہ ٹی وی شو ’ستیہ مے و جیتے‘ میں کمائی کے لحاظ سے وہ نقصان اٹھا رہے ہیں۔ عامر کا کہنا ہے کہ میں اشتہار کرکے جتنے پیسے کماتا ہوں اس سے اتنے نہیں کما رہا ہوں۔ ایک لحاظ سے میں نے تو گنوایا ہے لیکن میں کام کرتے وقت یہ سب نہیں سوچتا۔
سماجی مسائل کو اجاگر کرنے والا عامر خان کا ٹی وی پروگرام ’ستیہ مے و جیتے‘ ان دنوں بحث کا موضوع ہے۔
بہتر سکرپٹ کا انتظار: کاجول

،تصویر کا ذریعہAFP
اپنے زمانے کی معروف اداکارہ کاجول اپنے دو بچوں کی دیکھ بھال کو اپنی پہلی ترجیح بتاتی ہیں تاہم انھیں پھر سے پردۂ سیمیں پر آنے کے لیے ایک بہت اچھی سکرپٹ کا انتظار ہے۔ ایسے میں ان کے مداح کو مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
کیا کاجول دوبارہ کسی فلم میں نظر آئیں گی؟ اس سوال کے جواب میں وہ کہتی ہیں: ’بالکل، لیکن سکرپٹ اچھی ہونی چاہیے۔ میں یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ میں کسی خاتون پر مرکوز فلم میں ہی کام کروں گی کیونکہ کسی فلم کا ہر کردار اہم ہوتا ہے لیکن اب جو بھی فلم کروں گی اس کی کہانی اچھی ہی ہونی چاہیے۔‘
کاجول نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ شاید اس سال کے اواخر تک وہ اپنے گھریلو پروڈکشن ہاؤس کی کسی فلم سے دوبارہ اداکاری کی جانب لوٹیں۔
’شاہ رخ خان کے ساتھ کام کی خواہش ہے‘

،تصویر کا ذریعہHoture Images
بالغ فلموں سے شہرت پانے والی اداکارہ سنی ليوني اپنی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ’راگني ایم ایم ایس 2‘ میں نظر آ رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سنی اس سے پہلے ’جیک پاٹ اور ’جسم 2‘ میں اداکاری کی ہے لیکن ان کی دلی خواہش ہے وہ بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کام کر سکیں۔
شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سنی نے کہا: ’پتہ نہیں مجھے یہ موقع ملے گا یا نہیں۔ اگر ملا تو بہت اچھا ہوگا۔ بہر حال شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہوں۔‘
تاہم سنی نے یہ بھی کہا کہ ہندی فلموں میں انھوں نے پسندیدہ لوگوں کی کوئی فہرست نہیں بنائی ہے۔ سنی کا کہنا ہے: ’میری کوئی فہرست نہیں ہے۔ اگر مجھے بڑے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو اچھا ہے ورنہ میں انہی لوگوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوں جو پوری طرح سے پروفیشنل ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ وہ آخر کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ میں صرف فلمیں کرنا چاہتی ہوں۔‘
ٹوئٹر پر ملا پیسہ

،تصویر کا ذریعہMeenal Agarwal
اداکار، فلم ساز اور ہدایت کار رجت کپور کی نئی فلم ’آنکھوں دیکھی‘ اسی ہفتے ریلیز ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب رجت یہ طے کر لیا تھا کہ وہ یہ فلم نہیں بنائیں گے کیونکہ انہیں کوئی پروڈیوسر نہیں مل رہا ہے۔
پھر یہ کیسے ہوا کہ فلم کو فنڈ مل گیا۔ رجت نے اس کی دلچسپ کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا: ’میں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ میں فلمیں بنانا بند کر رہا ہوں کیونکہ میں فلم سازوں سے پریشان ہوں۔ اب صرف ڈرامہ ہی کروں گا۔ اس پر کسی نے مجھے پیغام بھیجا کہ میں آپ کا فین ہوں آپ فلم بنائیے میں پیسے لگاؤں گا۔ میں نے ان سے کہا کہ آپ سکرپٹ دیکھ لیجیے۔ اگر دل نہ بدلے تو پھر آگے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا سب اچھا ہے آپ ایگریمنٹ بنائیے۔ اس طرح مجھے پیسہ ٹوئٹر سے مل گیا۔‘
رجت کپور کا یہ حسین اتفاق دوسرے ہدایتکاروں کے لیے تحریک کا سبب بن سکتا ہے۔







