قطرینہ کیف کی پریشانی

امیتابھ بچن جب جب بیمار ہوئے ملک گیر پیمانے پر ان کے مداحوں نے ان کے لیے دعائیں کی ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن جب جب بیمار ہوئے ملک گیر پیمانے پر ان کے مداحوں نے ان کے لیے دعائیں کی ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی صحت پر فلم ’بھوت ناتھ ریٹرن‘ کے مسلسل پروموشن میں لگے رہنے سے منفی اثر پڑا اور وہ بیمار ہو گئے۔

بیماری کی تشخیص کے لیے سی ٹی سکین کیا گیا اور رپورٹ میں کوئی پریشانی کی بات سامنے نہیں آئی ہے تاہم ڈاکٹروں نے انھیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

امیتابھ بچن نے اپنے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اپنے مداحوں کو مطلع کیا ہے کہ ’ٹیسٹ کے نتائج درست آئے ہیں، لیکن میرے سینے میں درد ہے، دوائیں لے رہا ہوں، آرام کرنے کو بھی کہا گیا ہے لیکن کام کی ذمہ داری بھی ہے۔ میں اپنی طبیعت کے بارے میں آپ لوگوں کو بتاتا رہوں گا۔‘

امیتابھ بچن اس سے قبل جب بھی بیمار ہوئے ملک گیر پیمانے پر ان کے مداحوں نے ان کے لیے دعائیں کی ہیں۔

گذشتہ دنوں ’انڈیاز گاٹ ٹیلنٹ‘ نامی شو کے دوران امیتابھ بچن نے شو کے شرکا کے ساتھ اپنے مخصوص ڈانس سٹیپس بھی کیے اور اپنی فلم کا پروموشن بھی کیا۔

فٹنس کے سامنے نیند کب پیاری ہے!

ان دنوں قطرینہ کیف ریتک روشن کے ساتھ فلم ’بینگ بینگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنان دنوں قطرینہ کیف ریتک روشن کے ساتھ فلم ’بینگ بینگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں

بالی وڈ کی مقبول ترین ہیروئنوں میں شامل قطرینہ کیف اپنے بارے میں بڑی فکر مند ہیں۔

تھکا دینے والے طویل شوٹنگ شیڈيول کی وجہ سے انھیں جم جانے کا وقت ہی نہیں مل رہا ہے اور یہی ان کی پریشانی کی اصلی وجہ ہے۔ اب وہ اس کے لیے اپنے معمولات میں تبدیلی کرنے پر مجبور ہیں۔

اب وہ صبح چار بجے بیدار ہوتے ہی براہ راست ورزش کے لیے جم جانے لگی ہیں۔ ’بھئی کام ہے، نام ہے تو ذمہ داری بھی تو ہے!‘

ان دنوں قطرینہ کیف ریتک روشن کے ساتھ فلم ’بینگ بینگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

وہ فٹنس کی دیوانی تو نہیں لیکن انھیں اس فلم میں بہت سے سٹنٹ کرنے ہیں اور اس کے لیے ان کا چاق و چوبند رہنا اشد ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میٹھی نیند چھوڑ کر انھیں صبح جلدی اٹھنا پڑ رہا ہے۔

سونم کو بکنی پہننے کا مشورہ کون دے سکتا ہے!

فلم میں آيوشمان كھرانا اور رشی کپور بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفلم میں آيوشمان كھرانا اور رشی کپور بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں

ان دنوں سونم کپور اپنی آنے والی فلم ’بےوقوفياں‘ میں بکینی پہننے کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔

تاہم سونم کا کہنا ہے کہ انھوں نے کسی دباؤ یا مشورے کے تحت یہ فیصلہ نہیں کیا بلکہ یہ ان کا اپنا فیصلہ تھا۔

دراصل فلم کے ایک سین میں انھیں ’ون پیس سوئم سوٹ‘ پہننا تھا لیکن انھوں نے خود ہی بکینی پہننے کی تجویز پیش کر دی۔

یہ کہیں ’بے وقوفیاں‘ میں کی جانے والی کوئی ’بے وقوفی‘ تو نہیں! بات چاہے جو ہے فیصلہ بولڈ ضرور ہے۔

’بےوقوفياں یش راج بینر کی فلم ہے اور اس کے ہدایت کارنپور ستھانہ ہیں۔ فلم میں آيوشمان كھرانا اور رشی کپور بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم 14 مارچ کو ریلیز ہو رہی ہے۔