آئیفا میں سیف کی میزبانی پر کرینہ، دیپکا فدا

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکہ میں چار دنوں تک جاری رہنے والے آئیفا ایوارڈز میں جہاں مختلف قسم کے رنگا رنگ پروگرام پیش کيے گئے وہیں سیف علی خان کی میزبانی کی تعریف ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز یعنی آئیفا کو بالی وڈ یا ہندی فلموں کے آسکر کے طور پر جانا جاتا ہے۔
گذشتہ پندرہ برسوں سے یہ دنیا کے مختلف شہروں میں منعقد کیا جاتا رہا اور پہلی بار یہ امریکہ پہنچا ہے۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ جہاں بالی وڈ کے مختلف اداکاروں نے اپنے فن کے مظاہرے سے لوگوں کا دل جیتا ہے وہیں سیف نے اپنی میزبانی سے۔
اداکارہ کرینہ کپور اپنے شوہر سیف علی خان کے پروگرام پیش کرنے کی صلاحیت پر ہی فدا ہیں اور وہ بذات خود کسی پروگرام کی میزبانی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں کیونکہ بقول ان کے یہ ان کے بس کی چیز نہیں۔
سیف علی خان نے ٹیکنیکل ایوارڈز کی آخری شام کی میزبانی کی۔ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ وہ اس کام میں اس لیے زیادہ کامیاب رہے کیونکہ ان میں فطری طور پر مزاح کا عنصر موجود ہے اور ان کی حاضر جوابی انھیں دوسروں پر سبقت دیتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پی ٹی آئی کے مطابق کرینہ کپور نے کہا کہ ’سیف نے بہت سارے ایوارڈز تقاریب کی میزبانی کی ہے اور انھوں نے لوگوں کو اچھی طرح محظوظ بھی کیا ہے۔ ان میں مزاح کا حس زبردست ہے جبکہ میں میزبانی کرنا نہیں چاہتی۔ میرے خیال سے میں اسے کر ہی نہیں سکتی۔ میں رقص کرنا پسند کرتی ہوں اور یہ ایک ایسی جو میں کرنا پسند کرتی ہوں۔‘
انھوں نے یہ باتیں گرین کارپٹ یعنی سبز قالین پر واک کے دوران کہی۔ واضح رہے کہ آسکر میں ریڈ کارپٹ کی جگہ آئيفا میں گرین کارپٹ کا استعمال ہوتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سیف کی فلم ’لو آج کل‘ میں اداکاری کرنے والی دیپکا پاڈو کون بھی سیف کی میزبانی کی معترف نکلیں۔ گذشتہ سال آنے والی ان کی تمام فلمیں کامیاب رہی ہیں۔
سیف سے رول بدلنے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ’میں میزبانی نہیں کروں گی۔ میرے خیال میں یہ میں نہیں کر سکتی۔ مجھے سٹیج پر جانے سے خوف آتا ہے۔ مجھے کئی بار مشق کرنی ہوگی۔ اور وہاں دوسری چیز مطلوب ہے میں عام طور پر سٹیج پر نروس ہو جاتی ہوں۔ میں رقص کرنا پسند کرتی ہوں اور اسی میں خوش ہوں۔‘
اس سال دیپکا کے لیے ایوارڈز کی بہار رہی ہے اور امید کی جاتی ہے کہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ان کی ہی جھولی میں جائے گا۔







