آئیفا: دیپکا بہترین اداکارہ، فرحان بہترین اداکار

دیپیکا کو سال کی بہترین انٹرٹینر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشندیپیکا کو سال کی بہترین انٹرٹینر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا

امریکہ میں چار دنوں تک جاری رہنے والے آئیفا ایوارڈز میں جہاں دیپکا پاڈوکون کی دھوم رہی وہیں فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کو متعدد انعامات سے نوازا گیا۔

دیپکا نے جہاں اپنے رقص سے لوگوں کا دل جیت لیا وہیں انھیں فلم ’چینّئی ایکسپریس‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ دیپیکا کو سال کی بہترین انٹرٹینر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

فرحان اختر کو فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کے لیے بہترین اداکار قرار دیا گیا جبکہ فلم کو سال کی بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس سال بالی وڈ کی معروف شخصیت شتروگھن سنہا کو ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ انھیں سٹیج پر یہ ایوارڈ ان کی بیٹی سوناکشی سنہا کے ہاتھوں دیا گيا۔

آدتیہ رائے کپور کو بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کے لیے دیا گيا جبکہ خواتین کے زمرے میں یہی ایوارڈ دیویہ دتہ کو فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کے لیے دیا گیا۔

بہترین فلم، بہترین اداکار، بہترین ہدایتکار سمیت ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کو مختلف تکنیکی درجہ بندی میں کل نو ایوارڈز ملے جبکہ ’عاشقی 2‘ کو بہترین گیت کا ایوارڈ ملا۔

شتروگھن سنہا کو ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشتروگھن سنہا کو ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا

واضح رہے کہ انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز یعنی آئیفا کو بالی وڈ یا ہندی فلموں کے آسکر کے طور پر جانا جاتا ہے۔

گذشتہ پندرہ برسوں سے یہ دنیا کے مختلف شہروں میں منعقد کیا جاتا رہے اور پہلی بار یہ امریکہ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بالی وڈ کی اس رنگا رنگ تقریب کو 80 کروڑ ناظرین ملے ہیں۔ 23 سے 26 اپریل تک امریکی ریاست فلوریڈا میں جاری رہنے والے اس ایوارڈ شو میں، کرینہ کپور، دیپکا پاڈوکون، سوناکشی سنہا، رتیک روشن، مادھوری دیکشت اور بالی وڈ کی متعدد دیگر شخصیتوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

اپنے زمانے کے معروف ہیرو رشی کپور کو منفی کردار نبھانے کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناپنے زمانے کے معروف ہیرو رشی کپور کو منفی کردار نبھانے کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا

ہندی فلموں میں بہترین آغاز کا ایوارڈ فلم ’رانجھنا‘ میں اداکاری کے لیے جنوبی بھارتی اداکار دھنش کو دیا گيا جبکہ خواتین کے زمرے میں یہ ایوارڈ فلم ’شدھ دیسی رومانس‘ میں اداکاری کے لیے وانی کپور کو دیا گيا۔

ارشد وارثی کو فلم ’جولی ایل ایل بی‘ میں اداکاری کے لیے بہترین مزاحیہ کردار ادا کرنے ایوارڈ دیا گیا۔

اپنے زمانے کے معروف ہیرو رشی کپور کو منفی کردار نبھانے کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

فرحان اختر کو بہترین اداکار جبکہ ان کی فلم کو نو ایوارڈز ملے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفرحان اختر کو بہترین اداکار جبکہ ان کی فلم کو نو ایوارڈز ملے

بہترین نغمہ نگار کا اعزاز فلم ’عاشقی 2‘ کے گیت ’تم ہی ہو‘ کے لیے دیا گيا۔

اریجیت سنگھ کو اس نغمے کو آواز دینے کے لیے بہترین سنگر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ خواتین زمرے میں یہ انعام اسی فلم کے دوسرے گیت ’سن رہا ہے نہ تو‘ کے لیے شریا گھوشال کو دیا گيا۔