سلمان کی مہربانیاں، نرگس کی بے باکیاں اور سنِی کی خواہش

سلمان خان اور زرین خان فلم ’ویر‘ میں ایک ساتھ اداکاری کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسلمان خان اور زرین خان فلم ’ویر‘ میں ایک ساتھ اداکاری کر چکے ہیں
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بالی وڈ اداکار سلمان خان بھی کمال ہیں۔ کبھی وہ ’رابن ہڈ‘ بن کر غریبوں کی مدد کرتے ہیں تو کہیں دوستوں اور رشتے داروں کی فلمیں کر کے انھیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہیں تو کبھی ’لوگرو‘ کا کردار نبھاتے ہیں وہ بھی اصل زندگی میں۔

ویسے ایک اور کام ہے جس کے اب وہ ماہر ہوتے جا رہے ہیں اور وہ ہے لوگوں کو وزن کم کرنے کی ٹپس دینے کا کام اور اگر اس میں ان کی سٹوڈنٹ کوئی خوبصورت ہیروئن ہو تو کیا بات ہے۔

خبر ہے کہ اداکارہ زرین خان اپنا وزن کم کرنا چاہتی تھیں۔ جیسے ہی انھوں نے سلمان کے سامنے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا، سلمان نے فوراً اپنے پرسنل ٹرینر کو حکم دیا کہ وہ اس کام میں زرین کی مدد کریں۔

زرین خان فلم ’ویر‘ میں سلمان خان کی ہیروئن رہ چکی ہیں اور اب سلمان کی مدد سے کافی وزن کم کر چکی ہیں۔

اب جہاں تک سلمان کا تعلق ہے تو کونٹرو ورسیز جیسے ان کی تلاش میں رہتی ہیں۔ سلمان خان کو ریو اولمپکس کے لیے انڈیا کا خیر سگالی سفیر بنائے جانے پر تنازع ہے کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتا۔ کھیل کی دنیا کی بعض اہم شخصیات جہاں اس فیصلے پر تنقید کر رہی ہیں، وہیں بالی وڈ سے کئی لوگ سلمان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔

مخالفت کرنے والوں میں ایتھلیٹ مِلکھا سنگھ بھی شامل ہیں۔ اس موضوع پر سوشل میڈیا اکھاڑہ بن چکا ہے اور وہاں دنگل شروع ہوگیا ہے اب دیکھنا ہے کہ کیا ’سلطان‘ اس کُشتی میں بازی مار سکے گا۔

نرگس فخری کی بے باکیاں

نرگس فلم اظہر میں سنگیتا بجلانی کا کردار ادا کر رہی ہیں

،تصویر کا ذریعہNARGIS FAKHRI

،تصویر کا کیپشننرگس فلم اظہر میں سنگیتا بجلانی کا کردار ادا کر رہی ہیں

اداکارہ نرگس فخری جتنی خوبصورت ہیں اتنی ہی بے باک بھی۔ نرگس کرکٹر اظہر الدین پر بننے والی فلم ’اظہر‘ میں اظہرالدین کی دوسری بیوی سنگیتا بجلانی کا کردار نبھا رہی ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ اصل زندگی میں خود کو سنگیتا کے کردار کے قریب پاتی ہیں تو انھوں نے فورا جواب دیا: ’ابھی تک کسی شادی شدہ مرد سے میرا افیئر نہیں ہوا ہے اور مستقبل کا پتہ نہیں۔‘

نرگس کا کہنا ہے کہ دوسرا اپنی زندگی میں کیا کرتا ہے وہ اس کا ذاتی عمل ہے لیکن وہ دوسروں کے جذبات کی پرواہ کرتی ہیں۔

نرگس فخری کہتی ہیں کہ وہ ’سِنگل‘ ہیں اور کسی کو ڈیٹ نہیں کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ انڈیا میں لوگ ’ڈیٹنگ‘ کا مطلب نہیں سمجھتے۔ کسی کے ساتھ دوستی کو ڈیٹ کرنا نہیں کہتے۔

ویسے نرگس کسی کو ڈیٹ کریں یا نہ کریں لیکن اتنا ضرور جانتی ہیں کہ بالی وڈ میں کسی کے ساتھ نام جڑنے سے کتنا فائدہ ہوتا ہے ورنہ اودے چوپڑہ کے ساتھ نام جڑنے سے پہلے انھیں کون جانتا تھا۔؟

سنی اور کنٹرورسیز

سنی لیونی کی شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تو پوری ہوئی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسنی لیونی کی شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تو پوری ہوئی

نرگس فخری بالی وڈ کا رخ کرنے والی پہلی ’غیر ملکی حسینہ‘ نہیں ہیں ایسی ہی ایک اداکارہ ہیں سنی لیونی جو بالی وڈ میں اپنے کام سے زیادہ کونٹروورسیز سے پہچانی جاتی ہیں۔

سپر سٹار عامر خان نے تو ان کے ساتھ کام کرنے کی بات ہی کی تھی شاہ رخ نے اس پر عمل کر کے دکھایا اور اپنی فلم ’رئیس‘ میں سنی کے ساتھ آئٹم نمبر کیا۔

اب سنی کی خواہش ہے کہ وہ تینوں خانوں کے ساتھ کام کریں۔ سنی لیونی جلدی ہی فلم ’ون نائٹ سٹینڈ‘ میں دکھائی دیں گی۔

سنی کہتی ہیں کہ شاہ رخ کے ساتھ آئٹم نمبر کرنے کے بعد اب وہ سلمان اور عامر کے ساتھ بھی کام ملنے کی منتظر ہیں۔

عامر کا تو پتہ نہیں لیکن سلمان کے بھائی ارباز اور ان کی اہلیہ ملائکہ اروڑہ خان کے درمیان علیحدگی کی خبروں کے بعد اب سنی لیونی سلمان کی فلموں میں آئٹم نمبر ملنے کی امید کر سکتی ہیں۔

ہیما مالنی اور ان کے ٹویٹس

ہیما مالنی اور دھرمیندر بالی وڈ کی اہم ترین جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنہیما مالنی اور دھرمیندر بالی وڈ کی اہم ترین جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں

اداکارہ ہیما مالنی بھی خوب ہیں۔ ایک زمانہ تھا کہ وہ اپنی اداکاری اور خوبصورتی سے لوگوں کے دلوں میں گھر کیا کرتی تھیں اور ایک یہ زمانہ ہے کہ وہ عجیب و غریب ٹوئیٹس کر کے لوگوں میں سنسنی پھیلا دیتی ہیں۔

28 اپریل کو ہیما مالنی نے ایک ٹویٹ کر کے بالی وڈ میں کم از کم دو لوگوں کے دلوں کی دھڑکنیں تقریباً بند کر دیں۔

ہیما مالنی نے اپنی ٹویٹ میں دپیکا کی منگنی کی خبر دیتے ہوئے انھیں مبارک باد دی۔

پھر کیا تھا لوگ حیران پریشان کہ کیا ہوا، کیسے ہوا اور کس کے ساتھ ہوا؟ لوگ حیران تھے کہ دپیکا پادوکون تو اس وقت اپنی ہالی وڈ فلم ’ٹرپل ایکس‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں پھر اچانک انھیں منگنی کی کیا سوجھی۔؟

کچھ دیر کھلبلی مچانے کے بعد ہیما مالنی نے صفائی پیش کی کہ یہ بالی وڈ کی دپیکا پادوکون نہیں بلکہ ٹوئٹر پر انھیں فالو کرنے والی ایک لڑکی ہے جس کی منگنی ہوئی ہے۔

اب پتہ نہیں ہیما جی نے کیا سوچ کر یہ مبہم ٹویٹ کی لیکن اس ٹویٹ سے کچھ دلوں پر کیا گذری ہوگی اس کا حال تو وہی جانتے ہوں گے۔