شاہ رخ اب بونے کے کردار میں

شاہ رخ خان نے مختلف قسم کے کردار ادا کیے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان نے مختلف قسم کے کردار ادا کیے ہیں

’تنو ویڈز منو‘، ’رانجھنا‘ اور ’تنو ویڈز منو ریٹرن‘ جیسی فلموں کے ہدایتکار ایک نئی کہانی لے کر بڑے پردے پر آ رہے ہیں جس میں شاہ رخ خان ایک بونے کے کردار میں نظر آئیں گے۔

رائے کافی عرصے سے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے اور اب ان کا یہ خواب پورا ہونے والا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’یہ میری بہت حوصلہ مندانہ فلم ہے۔ میں اس پر بہت وقت صرف کر رہا ہوں اور اس پر سخت محنت کر رہا ہوں۔ یہ ایک بونے کی کہانی ہے۔‘

’اگر یہ کہانی سلیقے سے سنائی گئی تو یہ فخر کی بات ہوگی۔ خان صاحب (شاہ رخ) کو مجھ پر بھروسہ ہے اور میں اس بھروسے پر پورا اترنا چاہتا ہوں۔‘

انھوں نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ایک تجربہ کار اداکار ہیں۔ ان کا دل بڑا ہے اور وہ ذہین شخص ہیں۔

’انھوں نے نہ صرف اداکار کے طور پر زندگی کا معائینہ کیا ہے بلکہ ایک انسان کے طور پر بھی اس سے بہت واقف ہیں۔ انھیں انسان کی سمجھ ہے اور مجھے ان سے محبت ہے۔‘

زمینی حقیقت سے وابستہ کہانیاں بیان کرنے والے آنند ایل رائے کی فلم ’نل بٹے سناٹا‘ کی فلم مبصرین نے پذیرائی کی ہے۔

شاہ رخ خان پہلی بار کسی بونے کا کردار ادا کریں گے

،تصویر کا ذریعہcrispy bollywood

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان پہلی بار کسی بونے کا کردار ادا کریں گے

وہ یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ایسی فلموں کو زندہ رکھنے کے لیے باکس آفس ضروری ہے جہاں رفتہ رفتہ اس کے لیے جگہ پیدا ہو رہی ہے اور آنے والے وقت میں ایسی چھوٹی کہانیاں اپنے حساب سے کمائی کر سکیں گی۔

جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کہانی کیا ہے اور شاہ رخ خان کو ہی اس کردار کے لیے کیوں منتخب کیا گیا تو انھوں نے کہا ’میرے لیے کہانی صرف اتنی ہے کہ ایک تین فٹ ایک انچ کا شخص ہے اور شاہ رخ خان کو اس لیے منتخب کیا ہےکہ انسان کے معمولی پن کو ان سے بہتر کوئی نہیں سمجھتا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ اس کردار میں اصلی شاہ رخ کا بھی کچھ حصہ ڈال سکوں۔‘