امیتابھ بچن اور ایشوریہ کی فلموں کا ٹکراؤ

بالی وڈ میں سنہ 2016 میں جو بڑی فلمیں باکس آفس پر ایک دوسرے کو ٹکر دینے والی ہیں ان میں امیتابھ بچن اور ایشوریہ رائے بچن کی فلمیں بھی ہیں۔
بالی وڈ سٹار امیتابھ بچن کی فلم ’تین‘ اور ایشوریہ رائے کی فلم ’سربجیت‘ ایک ہی دن ریلیز ہو رہی ہیں۔
20 مئی کو سوجے گھوش کی ہدایت میں بننے والی فلم ’تین‘ اور اومانگ کمار کی ہدایت میں تیار ہونے والی فلم ’سربجیت‘ ایک ساتھ ریلیز ہو رہی ہیں۔
اگر آخری وقت پر ریلیز کی تاریخوں میں تبدیلی نہ کی گئی تو ایسا پہلی بار ہو گا جب بچن خاندان کے دو ارکان کی فلمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے ٹکٹ کاؤنٹر پر آمنے سامنے ہوں گی۔
فلم ’سربجیت‘ اس بھارتی شہری کی زندگی پر مبنی ہے جو پاکستان میں جاسوسی اور انتہا پسندی کے الزام میں سالوں قید رہے۔
اس کے بعد جیل میں ہی ان کے ساتھی قیدیوں نے سربجیت پر حملہ کیا تھا جس میں ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔

اس بایوپک فلم میں رنديپ ہڈا اہم کردار میں نظر آئیں گے اور رچا چڈھا سربجیت کی بیوی کے کردار میں ہیں جبکہ ایشوریہ رائے سربجیت کی بہن کے کردار میں ہیں۔
دوسری جانب سوجے گھوش کی فلم ’تین‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ نوازالدین صدیقی اور ودیا بالن نظر آئیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بچن خاندان کے اس تاریخی مقابلے میں نفع نقصان دونوں ہی بچن خاندان کے اکاؤنٹ میں جائیں گے۔
اس سے قبل ’نیرجا‘ اور ’تیرے بن لادن‘ فلمیں ایک ہی دن ریلیز ہوئي تھیں جبکہ سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ عید کے موقعے پر ریلیز ہو رہی ہیں۔
اس لیے بعض فلم ناقد نے سنہ 2016 کو بڑی فلموں کی ٹکر کا سال کہا ہے۔







