کون بنے گی سنگیتا بجلانی اور شاہ رخ نامزدگی سے محروم
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
’کون بنے گی سنگیتا بجلانی‘

،تصویر کا ذریعہSajid Nadiadwala
بھارتی فلمی صنعت میں ایک سوال سب کی زبان پر ہے کہ کون بنے گی کرکٹر اظہر الدین کی دوسری بیوی؟
بھئی حقیقت میں نہیں بلکہ سنہری پردے پر۔
جی ہاں ایکتا کپور اظہر الدین کی زندگی پر فلم بنا رہی ہیں اور ان کی دوسری بیوی سنگیتا بجلانی کے کردار کے لیے کئی ناموں پر غور ہو رہا ہے۔
پہلا نام خان صاحب کی بیگم کرینہ کپور کا ہے لیکن خبر ہے کہ بیگم صاحبہ ابھی مصروف ہیں اس لیے جیکلین فرنینڈس ان کی جگہ لے سکتی ہیں۔
اب فیصلہ جو بھی ہو جیکلین کے تو اچھے دن آئے ہی ہوئے ہیں۔
انہوں نے فلم ’کک‘ کیا کی ان کی قسمت کو ایسی کک لگی کہ دھڑا دھڑ فلمیں سائن کرتی جا رہی ہیں۔
میڈم سلمان خان جیسی سیڑھی ملی ہے آپ کو تو بلندیاں تو آپ کی منتظر ہوں گی ہی۔

،تصویر کا ذریعہHOTURE
’نامزدگی کا حقدار نہیں ہوں‘
بالی وڈ کے بادشاہ اور ایوارڈ شوز کی شان اداکار شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ وہ فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں اپنے کردار کے لیے کسی ایوارڈ میں نامزدگی کے حقدار نہیں ہیں کیونکہ اس سال کئی لوگوں نے ان سے بہتر کام کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شاہ رخ خان کی فلم ہیپی نیو ایئر، 2014 کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں سے ایک تھی لیکن ایوارڈز میں شاہ رخ خان کو بہترین اداکار کی درجہ بندی میں اس بار نامزدگی نہیں ملی ہے۔
وہ خود مانتے ہیں کہ وہ اس ایوارڈ کی نامزدگی کے حق دار نہیں تھے.
ڈی این اے اخبار سے بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ، ’میں نے شاید عمدہ اداکاری نہیں کی۔ سچ تو یہ ہے کہ مجھ بہتر دوسرے فنکار رہے۔ اس لیے ہیپی نيو ایئر کے لیے بہترین اداکار کے طور پر تو میں نامزدگی کا مستحق نہیں ہوں۔‘
ہیپی نیو ایئر گزشتہ سال دیوالی پر ریلیز ہوئی تھی اور باکس آفس کاروبار کے ماہرین کے مطابق اس نے ہندوستان میں تقریباً دو سو کروڑ روپے کمائے تھے۔

،تصویر کا ذریعہBHATT FILMS
’میں پورن سٹار نہیں ہوں‘
بالی وڈ کی گلیوں سے خبر یہ ہے کہ فلم ’خاموشياں‘ کی شوٹنگ کے دوران ہیروئن سپنا پبّی اور مصنف وکرم بھٹ کا مبینہ طور پر زبردست جھگڑا ہوگیا۔
وجہ سپنا کی جانب سے فلم کے کچھ انتہائی بولڈ سین کرنے سے انکار بنی۔
ممبئی مرر کے مطابق سپنا کو فلم کے ہیرو گرمیت چودھری اور علی فضل کے ساتھ ایک بولڈ سین کرنا تھا جس کے لیے وہ تیار نہ ہوئیں۔
جب ڈائریکٹر کرنا دارا کے کہنے پر بھی وہ نہیں مانیں تب مصنف وکرم بھٹ نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی جس پر دونوں میں جھگڑا ہو گیا اور سپنا نے کہہ دیا کہ ’میں پورن سٹار نہیں ہوں۔‘
لگتا ہے سپنا نے یہ فلم سائن کرنے سے پہلے بھٹ کیمپ کی کوئی اور فلم نہیں دیکھی ورنہ ایسی جرات نہیں کر پاتیں اور پھر آخر کار وہ ’بات‘ بھی سمجھ ہی گئیں اور سین کرنے کو تیار بھی ہوگئیں۔







