دیپیکا کی نئی مثال اور قطرینہ کی انگوٹھی کا راز

دیپیکا نے نئی مثال قائم کی

دیپکا نے اپنا ایوارڈ کنگنا کو نام منسوب کرکے ایک مثال قائم کی ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشندیپکا نے اپنا ایوارڈ کنگنا کو نام منسوب کرکے ایک مثال قائم کی ہے

بالی وڈ اداکارہ کنگنا راناوت کی اداکاری کی تعریف ناظرین اور ناقدین دونوں جانب سے آئیں لیکن ایسا شاذ و نادر ہوتا ہے جب ایک اداکارہ دوسری اداکارہ کی تعریف کرے۔

دیپیکا پاڈوکون نے حال ہی ملنے والے لائف اوکے سکرین ایوارڈ کو کنگنا راناوت کو منسوب کرکے ایک مثال قائم کی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں دیپیکا پاڈوکون کو عوام کی پسندیدہ اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

دیپیکا نے اس موقع پر کہا ’میں نے کوئین دیکھی اور میں کنگنا کی اداکاری پر رشک آ رہا ہے۔ میرے خیال میں وہ شاندار رہی ہیں۔‘

اس ایوارڈ کی تقریب میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ پرینکا چوپڑہ کو فلم ’میری کوم‘ کے لیے دیا گیا جبکہ شاہد کپور کو ’حیدر‘ کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

شاہ رخ خان کو ’ہیپی نیو ایئر کے لیے عوام کی پسند کے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا۔

اس سے قبل اکشے کمار نے بھی اپنا ایک ایوارڈ اداکار عامر خان کے نام منسوب کیا تھا۔

عامر خان ایوارڈ تقریبات میں شامل نہیں ہوتے ہیں جبکہ کنگانا راناوت بھی اسے اداکاری کے اعتراف کا معیار تسلیم نہیں کرتیں۔

منگنی کی افواہ پر قطرینہ کی وضاحت

قطرینہ کیف اور رنبیر کپور مبینہ طور پر ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP AFP

،تصویر کا کیپشنقطرینہ کیف اور رنبیر کپور مبینہ طور پر ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں

حال ہی میں خبروں میں یہ باتیں آئی تھیں کہ اداکارہ قطرینہ کیف اور اداکار رنبیر کپور نے منگنی کر لی ہے۔

اس افواہ کا سبب قطرینہ کیف کی ایک انگوٹھی تھی جو انھوں نے ایک پروگرام میں پہنی تھی۔

لیکن اب قطرینہ کیف کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں اس بات کی تردید کی گئی ہے۔

اخبار ایچ ٹي کیفے کی خبر کے مطابق قطرینہ کیف کے ترجمان نے اس بارے میں کہا: ’لندن میں قطرینہ کی منگنی نہیں ہوئی ہے۔ اس افواہ میں کوئی صداقت نہیں ہے۔‘

قطرینہ اور رنبیر نے آج تک میڈیا یا اپنے دوستوں کے سامنے کھل کر اس بات کا اعتراف نہیں کیا ہے کہ وہ ایک ساتھ ہیں۔

جب کوئی ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں تو دونوں ہی اکثر اس بات پر برہم ہو جاتے ہیں۔

اکشے کمار کو جان ابراہم سے پریشانی نہیں

اکشے کمار کا کردار اب جان ابراہم کریں گے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناکشے کمار کا کردار اب جان ابراہم کریں گے

بالی وڈ اداکار اکشے کمار گذشتہ چند برسوں میں ریلیز ہونے والی دو بڑی فلموں ’ویلکم‘ اور ’ہیرا پھیری‘ کا حصہ رہے ہیں۔

ان فلموں میں ان کی کامک ٹائمنگ کی بہت تعریف و توصیف کی گئی ہے۔

اب ان دونوں فلموں کے سيكوئل میں اکشے کے کردار کو آگے بڑھانے کے لیے جان ابراہم کو سائن کیا گیا ہے۔

کیا اس بات سے اکشے کمار خفا نہیں ہیں؟

اکشے کہتے ہیں: ’میری جان ابراہم سے اس بارے میں بات ہو چکی ہے اور مجھے معلوم تھا کہ فلم کے پروڈیوسر اسے سائن کرنے کے لیے آگے آ رہے ہیں۔ میری مجبوری یہ ہے کہ فلم ’بے بی‘ کے بعد میری اگلی فلم کی شوٹنگ شروع ہونے والی ہے ایسے میں میں یہ فلمیں نہیں کر سکتا تھا۔‘

اکشے نے واضح کیا کہ اس بات سے ان کے اور جان کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

جان اور اکشے ’گرم مسالہ‘، ’ہاؤس فل‘ اور ’دیسی بوائز‘ جیسی فلموں میں ساتھ کام کر چکے ہیں۔