بالی وڈ راؤنڈ اپ

دیپکا کی سادگی اور فلمیں

اس ہفتے بالی وڈ اداکارہ دیپکا پاڈوکون کی سالگرہ تھی جس میں انھوں نے اپنی سادگی، اپنی خواہشات اور والدین کے احترام کی بات کی۔

لیکن ہم ان کی آنے والی فلموں پر نظر ڈالتے ہیں۔ سنہ 2013 کی کامیاب ترین اداکارہ رہیں اور سنہ 2014 کے اوائل میں ان کے لیے ایوارڈز ان کی کارکردگی کا اظہار تھے۔

گذشتہ سال ان کی کارکردگی کا اعتراف بہت سے لوگوں نے کیا۔ جن میں پنکج کپور اور نصیر الدین شاہ جیسے منجھے ہوئے اداکار شامل ہیں۔ جبکہ شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ سال کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک تھی۔

دیپکا فلم پیکو میں امیتابھ بچن کے ساتھ ہوں گی

،تصویر کا ذریعہSONY TV

،تصویر کا کیپشندیپکا فلم پیکو میں امیتابھ بچن کے ساتھ ہوں گی

اس کے علاوہ انھوں نے ’فائنڈنگ فینی‘ جیسی فلم کے ساتھ تمل فلم ’کوچاڈییان‘ میں بھی اداکاری کی ہے اور فلم ناقدین سے پزیرائی حاصل کی ہے۔

رواں سال ان کی کم از کم دو فلمیں آنے والی ہیں ایک امیتابھ جیسے سپر سٹار کے ساتھ تو دوسری رنبیر کپور کے ساتھ۔

امیتابھ کے ساتھ وہ ’پیکو‘ میں نظر آئیں گی تو فلم ’تماشا‘ میں تارا کے کرادار میں رنبیر کپور کے ساتھ جبکہ ’باجی راؤ مستانی‘ میں رنویر سنگھ کے ساتھ مستانی کے کردار میں نظر آئیں گی۔

دیپکا کے مداح کے لیے یہ سال بھی روشن امکانات سے خالی نہیں۔

رنبیر کپور کے لیے چیلنج

باپ رشی کپور کے کردار کو نبھانا کتنا چیلنجنگ ہوگا

،تصویر کا ذریعہAFP AFP

،تصویر کا کیپشنباپ رشی کپور کے کردار کو نبھانا کتنا چیلنجنگ ہوگا

اداکار رنبیر کپور اور قطرینہ کیف کے رشتوں سے قطع نظر رنبیر کپور کے لیے آنے والا وقت انتہائی چیلنجنگ نظر آرہا ہے کیونکہ ان کے سامنے اپنے والد اور معروف اداکار رشی کپور کا کردار ادا کرنے کا چیلنج ہے۔

ممبئی کے اخبار ڈی این اے کے مطابق رنبیر کپور فلم ساز کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں اپنے والد رشی کپور کی سنہ 1977 کی فلم ’دوسرا آدمی‘ کا کردار کریں گے۔

فلم ’دوسرا آدمی‘ کی کہانی ایک ایسی خاتون (راکھی) کی کہانی ہے جو اپنی عمر سے کم عمر کے شخص (رشی کپور) کے محبت میں گرفتار ہو جاتی ہے جو انھیں ان کے سابق محبوب کی یاد دلاتا ہے۔

’اے دل ہے مشکل‘ میں ایشوریا رائے بچن ’دوسرا آدمی‘ کی راکھی کا کردار ادا کریں گیں جبکہ انشكا شرما اور رنبیر کپور کی جوڑی بھی ساتھ ساتھ ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق یہ فلم ’دوسرا آدمی‘ کی ری میک ہوگی اور کرن جوہر کے لیے اس کی اجازت حاصل کرنا بہت مشکل نہیں۔

کرینہ کپور کو ايشمان کے ساتھ کام کرنا گوارا نہیں

کرینہ کپور فلموں کے انتخاب میں ہی نہیں اپنے کو سٹار کے انتخاب میں بھی عمل دخل رکھتی ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور فلموں کے انتخاب میں ہی نہیں اپنے کو سٹار کے انتخاب میں بھی عمل دخل رکھتی ہیں

میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق ابھیشیک چوبے کی آنے والی فلم ’اڑتا پنجاب‘ جو پہلے ايوشمان كھرانا کو پیش کی گئی تھی، اس میں اب وہ نہیں ہوں گے۔

اور مبینہ طور پر اس کے لیے کرینہ کپور کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔

کرینہ اپنے مقابل کسی بڑے سٹار کو چاہتی تھیں اور ان کا خیال تھا کہ ايشمان ان سے عمر میں چھوٹے نظر آئیں گے اور وہ بڑے سٹار بھی نہیں ہیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق ابھیشیک چوبے نے کرینہ کی بات مانتے ہوئے ايوشمان کو اس پروجیکٹ علیحدہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب ايوشمان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ علیحدگی کی وجہ عدیم الفرصتی ہے۔

وہیں یہ اطلاعت بھی ہیں کہ اس فلم میں کرینہ کے سابق دوست شاہد کپور کا بھی اہم کردار ہے لیکن کرینہ ان کے ساتھ ایک بھی سین میں ساتھ نہیں آنا چاہتیں۔

فی الحال کرینہ سلمان خان کے ساتھ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں مشغول ہیں۔