رواں سال بالی وڈ میں ’پھیکی ہولی‘

بالی وڈ میں ہر سال خانوں سے لے کر کپورز تک سبھی رنگوں کا تہوار ہولی اپنے اپنے طریقے سے مناتے ہیں، تو کیا اس سال بھی بالی وڈ کے فنکار اسی روایتی جوش کے ساتھ ہولی کا تہوار منائیں گے؟
بالی وڈ کے ’شہنشاہ‘ یعنی امیتابھ بچن حال ہی میں کولکتہ سے اپنی فلم ’تین‘ کی شوٹنگ کے بعد ممبئی لوٹے ہیں اور انھوں نے ہولی کا دن اپنے خاندان کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم، امیتابھ بچن کے یہاں سارا دن ملنے والوں کا تانتا لگا رہتا ہے۔ ایسے میں اگر آپ ممبئی میں واقع ان کے گھر کے قریب سے گزریں اور آپ کو فلمی گیت سنائی دیے جائیں تو حیران نہ ہوں۔
بالی وڈ کے معروف تینوں خان اس بار ہولی کے دن اپنی اپنی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف رہیں گے۔

،تصویر کا ذریعہrishi kapoor twitter page
اطلاعات کے مطابق سلمان خان اپنی فلم ’سلطان‘ کی وجہ سے ہولی نہیں منا پائیں گے جبکہ شاہ رخ بھی اپنی آئندہ فلمیں ’رئیس‘ اور ’فین‘ کی مصروفیت کی وجہ سے ہولی نہیں منا رہے ہیں۔
بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیكشنسٹ‘ کہے جانے والے عامر خان نے حال ہی میں اپنی سالگرہ پر کہا تھا کہ مہاراشٹر میں خشک سالی کے سبب ہولی نہ منائیں یا صرف خشک رنگوں کی ہولی کھیلیں۔

اداکاراؤں میں سب سے پہلے پرینکا چوپڑا اور دیپکا پڈوکون کی بات کرتے ہیں اور اطلاعات کے مطابق یہ دونوں رواں سال ہولی نہیں منا رہی ہیں۔
فلم ’باجي راؤ مستانی‘ میں ’كاشي بائی‘ اور ’مستانی‘ کے کردار کے لیے سراہی جانے والی دونوں ہی اداکارہ اس وقت ہالی وڈ میں اپنی اپنی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اگر ایک طرف پرینکا فلم ’بےواچ‘ میں نظر آئیں گی تو دوسری جانب دیپکا وين ڈیزل کے ساتھ فلم ’ٹرپل ایکس‘ کی شوٹنگ کر رہی ہیں۔
دریں اثنا اپنے ’مست مولا‘ انداز کے لیے سب کے چہیتے کہے جانے والے اداکار رنویر سنگھ بھی ہولی کے دن ممبئی شہر سے باہر رہیں گے۔

،تصویر کا ذریعہdharma production
کپور خاندان کی ہولی بالی وڈ کی سب سے مشہور ہولی کہی جاتی ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کرینہ کپور نے بتایا: ’ایک زمانہ تھا جب سارا بالی وڈ مل کے آر کے سٹوڈیو میں ہولی کا جشن مناتا تھا۔‘
وہ مزید کہتی ہیں: ’میں نے کئی سالوں تک دادا (راج کپور) کے ساتھ بہت ہولی کھیلی، لیکن ان کے جانے کے بعد ہولی کھیلنا بند ہی ہو گیا۔‘

،تصویر کا ذریعہRED CHILLIES
دوسری طرف بالی وڈ کی نوجوان نسل اپنے طریقے سے ہولی منانے کے موڈ میں ہے، ’کپور اینڈ سنز‘ کے اداکار سدھارتھ کپور ایک ٹی وی چینل کی ہولی پارٹی میں پہنچ رہے ہیں اور وہاں ان کے ساتھ اداکارہ جیکلین فرناڈیز ہوں گی۔
سدھارتھ ملہوترا ممبئی میں اپنی پہلی ہولی کو یاد کرتے ہوئے بتاتے ہیں: ’ممبئی آنے کے بعد میں ہولی میں بن بلائے اداکارہ ایشا دیول کے گھر چلا گیا تھا، وہ ہولی میں کبھی نہیں بھولوں گا۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty
اداکارہ عالیہ بھٹ کو ہولی سے ڈر لگتا ہے وہ کہتی ہیں، ’مجھے رنگوں سے الرجی ہے، تو میں ہولی نہیں کھیلتی۔‘
انوشکا شرما بھی ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’سلطان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے سبب وہ ممبئي میں ہولی نہیں منا پائیں گی۔
شاہد کپور اپنی پچھلی فلم کی ناکامی سے خاصے مایوس ہیں اور اپنی آنے والی فلم ’رنگون‘ کی شوٹنگ میں جی جان سے لگے ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہSippy Films
حال ہی میں اداکار ریتک روشن کے ساتھ قانونی تنازعے سے شہ سرخیوں میں آنے والی کنگنا راناوت بھی اپنی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں تاہم وہ ہولی کے دن ممبئی میں رہیں گی۔







