بالی وڈ راؤنڈاپ
- مصنف, ثمرہ فاطمہ
- عہدہ, بی بی سی، دلّی
فی الحال شادی کی بھی طاقت نہیں

،تصویر کا ذریعہpr
گزشتہ ہفتے جب فلموں کے لیے نیشنل ایوارڈز کا اعلان ہوا تو ایک بار پھر ودیا بالن کی واہ واہ ہوئی۔ ودیا بالن کو انکی فلم ’ڈرٹی پکچر‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ اعزاز کی خبر سننے کے بعد ودیا بالن نے کہا کہ وہ اس خبر پر یقین کرنا چاہتی ہیں کیونکہ ان کا ایک بہت پرانا خواب سچ ہوگیا ہے۔ ودیا بالن سے جب یہ پوچھا گیا کہ اتنی شہرت پانے کے بعد شادی کا کیا ارادہ ہے تو انہوں نے کہا ہے کہ پہلے ’ڈرٹی پکچر‘ اور اب ان کی نئی فلم کہانی کی تشہیر میں وہ اتنی مصروف ہوگئیں ہیں کہ فی الحال ان کے پاس شادی کا نہ تو وقت ہے اور نہ ہی طاقت۔
شاہ رخ اور قطرینہ کا رومانس

،تصویر کا ذریعہPR
ان دنوں ادکار شاہ رخ خان اور قطرینہ کیف لندن میں ایک فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ فلم یش راج بینر کی ہے لیکن فلم کا نام ابھی نہیں رکھا گیا ہے۔شاہ رخ خان اس سے پہلے بھی یش راج بینر کی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ اس پروڈکشن ہاؤس کی بنائی ہوئی انکی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ ہندوستان کی سب سے مقبول ترین فلموں میں ایک ہے۔ لیکن قطرینہ کیف نے اس سے پہلے یش بینر کی فلموں میں کام نہیں کیا ہے۔ شاہ رخ خان کے ساتھ بھی ان کی یہ پہلی فلم ہے۔
شاہ رخ خان کی اس پہلے ’را ون‘ فلم آئی تھی جو کہ بہت بری طرح فلاپ ہوئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ قطرینہ کیف اور شاہ رخ خان بالی وڈ کے سب سے مقبول ترین ادکار ہیں اور ان کی جوڑی والی شائقین کو بے حد پسند آئے گی۔
وینا کی ہولی

،تصویر کا ذریعہofficial website
پاکستانی ماڈل اور اداکارہ وینا ملک نے ہندوستان میں اپنی پہلی ہولی منائی۔ وینا ملک نے کہا کہ ہولی ایک بے حد خوبصورت تہوار ہے اور اس تہوار کے ذریعے ہمیں امن کا پیغام بھیجنا چاہیے۔ وینا ملک نے بتایا کہ وہ اپنی پہلی بالی وڈ فلم ’دال میں کچھ کالا‘ کے لیے بی آر سٹوڈیو میں ڈبنگ کر رہی تھیں کہ تبھی ان کے ساتھی ادکاروں نے آکر انہیں رنگ دیا۔ پھر کیا تھا پھر تو وینا ملک نے جم کر ہولی کھیلی۔
جان ابراہیم کو ملی ضمانت

بالی وڈ کے مشہور اداکار جان ابراہیم کو 2006 میں تیز رفتار سے گاڑی چلانے کے معاملے میں ممبئی ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ جان ابراہیم پر الزام ہے کہ انہوں نے سنہ 2006 میں تیز رفتار سے بائیک چلاتے ہوئے سڑک پر سو رہے بعض افراد کو زخمی کردیا تھا۔ جان ابراہیم کے مداحوں کو معلوم ہوگا کہ جان ابراہیم کو بائیکنگ کا شوق ہے اور ان کے پاس بہت سی مہنگی بائیک ہیں۔
لیکن اس حادثے کے بعد جان ابراہیم بائیک تو چلاتے ہیں لیکن وہ بار بار یہی ہدایت دیتے ہیں کہ بائیک کا شوق ضرور لیکن تیز رفتار سے چلانے کا نہیں۔



