’جسم تھری سب سے بولڈ فلم ہوگی‘

- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بالی وڈ میں بولڈ فلموں کی روایت کو قائم کرنے والے بھٹ کیمپ کی رکن پوجا بھٹ اپنی بے باک فلم ’جسم‘ کا دوسرا سیکوئل یعنی جسم تھری‘بنانے کے موڈ میں ہیں۔
سنہ 2003 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم میں بپاشا باسو اور جان ابراہم تھے جبکہ سنہ 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جسم ٹو‘ میں سنی لیونی تھیں۔ پوجا بھٹ کا کہنا ہے کہ ان کی یہ فلم اب تک کی بولڈ ترین فلم ہوگی۔
پوجا بھٹ کے مطابق یہ فلم سنہ 2017 میں ریلیز ہوگی اور اس بار وہ لوگوں کے ذہن کو جھنجوڑ کر رکھ دیں گی۔ فلم ’پاپ‘ اور ’زخم‘ جیسی فلمیں بنانے والی پوجا بھٹ کو شکایت ہے کہ جب ان کی فلم ’روگ‘ پر فحاشی کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا تو کوئی بھی ان کی حمایت میں ان کے ساتھ نہیں آیا۔
ویسے پوجا کوئی آپ کے ساتھ کیسے آتا کیونکہ چن چن کر جس طرح کی فلمیں آپ بناتی ہیں اس کو جائز قرار دینے کی ہمت بھی آپ ہی میں ہے کیونکہ ’اظہار رائے کی آزادی‘ کے نام پر ہر چیز نہ تو چلتی ہے اور نہ ہی بکتی ہے۔
سلمان کی شادی

،تصویر کا ذریعہYashraj Films
بالی وڈ کے سپر سٹار سلمان خان کا نام اب تک انڈسٹری کی کئی حسیناؤں کے ساتھ جڑ چکا ہے اور ہر بار ان کی شادی کی امیدیں بھی پیدا ہوئیں لیکن بات نہ بن سکی۔
سلمان خان کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح خبروں میں چھائے رہتے ہیں۔ اس ہفتے کی دلچسپ خبر یہ ہے کہ خان صاحب نے کہا ہے کہ انھیں شک ہے کہ وہ کبھی شادی کریں گے ہاں وہ بچوں کے خواہشمند ضرور ہیں وہ بھی تین چار بچوں کے۔
50 سال کے سلمان جب پونے شہر میں ایک کالج کی تقریب میں پہنچے تو لوگوں نے ’شادی شادی‘ کے نعرے لگانے شروع کر دیے پھر کیا تھا سلمان جوش میں آ کر یہ سب کہہ بیٹھے۔ اب سلمان نے شادی نہیں کی تو کیا باراتیں تو کافی دیکھی ہیں۔
شادی کی بات سے یاد آیا کہ رنبیر کپور سے بریک اپ کے بعد سلمان نے اب قطرینہ کیف کو اپنا کندھا دے رکھا ہے جس پر ان کے فینز کو ایک بار پھر ان کی شادی کی امید بندھنے لگی ہیں اور سلمان بھی قطرینہ کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کچھ دن پہلے ہی ایک اور تقریب میں سلمان قطرینہ کی تعریفوں کے پل باندھ رہے تھے۔ سلمان نے یہاں تک کہہ دیا کہ جتنی محنت قطرینہ نے اس مقام تک پہنچنے میں کی ہے اتنی شاید کسی نے نہ کی ہو اور تو اور وہ قطرینہ کی فلم ’فتور‘ کے پروموشن کے سیٹ پر بھی اچانک جا پہنچے۔
ان تمام واقعات کو دیکھ کر تو نہیں لگتا کہ انھیں اپنی شادی کے بارے میں کوئی شک ہونا چاہیے۔ لگتا ہے ان کی تلاش یا یوں کہا جائے کہ کوشش ابھی جاری ہے۔
پریتی زنٹا اور شادی

شادی کی بات سے ایک اور خبر یاد آئی کہ اداکارہ پریتی زنٹا نے ایک بار پھر اپنی شادی کی ’افواہوں‘ کو مسترد کر دیا ہے۔ خبریں تھیں کہ وہ اس ہفتے اپنے امریکی دوست جین گڈنوف سے شادی کرنے والی ہیں۔
یہ خبریں سن کر پریتی نے عین اپنے مزاج کے مطابق ٹوئٹر پر لوگوں پر غصہ کرتے ہوئے کہا ’میں اپنی ذاتی زندگی پر ہونے والی قیاس آرائیوں سے تنگ آ چکی ہوں۔ کیا آپ میری شادی کا اعلان خود مجھے کرنے کی اجازت دیں گے؟‘
40 سالہ پریتی زنٹا نے ٹوئٹر پر ہوئے کہا کہ انھیں تنہا چھوڑ دیا جائے۔
پریتی زنٹا آج کل فلموں سے دور ہیں تاہم اس سے قبل گذشتہ برس نومبر میں بھی ان کی شادی کی افواہیں پھیلی تھیں۔
تھپڑ کی گونج

کہا جاتا ہے کبھی کبھی تھپڑ کھانے والے کو اس تھپڑ کی گونج ساری زندگی سنائی دیتی ہے لیکن گوندا کا معاملہ اس کے برعکس ہے انھیں اُس تھپڑ کی گونج ساری زندگی یاد رہے گی جو انھوں نے سات سال پہلے ایک تقریب میں اپنے ایک مداح کو مارا تھا۔
اب عدالت نے گوندا کو نہ صرف اس مداح سے معافی مانگنے کا حکم دیا ہے بلکہ معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
گوندا نے عدالت کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے اپنے اس مداح سے معافی مانگ لی ہے لیکن جب میڈیا نے گوندا سے اس بارے میں بات کرنے کی کوشش کی تو انھوں نے صرف اتنا ہی کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کو دل سے قبول کرتے ہیں۔
عدالت کا یہ فیصلہ گوندا اور ان کے جیسے دوسری بڑی شخصیات کو کبھی بھولنے نہیں دیگا کہ آپ کامیابی کی کتنی بلندی پر کیوں نہ ہوں پاؤں ہمیشہ زمین پر رکھیں۔







