’پھر بھی عامر کی مداح رہوں گی‘

سنی لیون کے ایک انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث جاری ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسنی لیون کے ایک انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث جاری ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

پورن فلم اداکارہ سنی لیونی بھارت فلم انڈسٹری میں ایک ایسا نام ہے جسے سن کر کچھ لوگوں کی بھویں تن جاتی ہیں تو کچھ زیرِ لب مسکرانے لگتے ہیں۔ دونوں ہی طرح کے ردِ عمل کی اپنی اپنی سمجھ اور نیت ہے۔

پورن انڈسٹری سے بالی وڈ تک سنی کا سفر خواہ کیسا ہی رہا ہو سنی نے اپنے ماضی کو چھپانے یا جھٹلانے کی کبھی کوش نہیں کی لیکن پھر بھی انڈسٹری اور میڈیا میں سنی کو طنز کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2016/01/160123_bollywood_roundup_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

اس کی تازہ مثال سی این این، آئی بی این میں بھوپیندر چوبے کے ساتھ سنی لیونی کا انٹرویو ہے۔ اس انٹرویو میں چوبے نے اپنے سوالوں اور طنزیہ جملوں کے ساتھ سنی لیونی کو آڑے ہاتھوں لیا جس پر لوگوں نے سوشل میڈیا پر چوبے پر دل کھول کر تنقید کی۔

بھوپیندر چوبے نے جب سنی سے پوچھا کہ کیا ان کو لگتا ہے کہ عامر خان جیسا اداکار ان کے ساتھ کام کرنا چاہے گا تو سنی کا جواب تھا ہو سکتا ہے نہ کریں لیکن وہ پھر بھی عامر کی مداح رہیں گی اور ان کی فلمیں دیکھتی رہیں گی۔

سنی کے اس انٹرویو کے بعد عامر خان نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے انتہائی سنجیدگی اور ذہانت کے ساتھ اس انٹرویو کا سامنا کیا اور میں سنی کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہوں گا۔ اب دیکھتے ہیں کہ انڈسٹری کا کون سا فلسماز سنی لیونی کی جانب بڑھائے گئے عامر کے ہاتھ کو مضبوط کرتا ہے؟

’کیا کول ہیں ہم تھری‘ کے لیے پوجا

فلم ’کیا کول ہیں ہم تھری‘ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس میں فحش مکالمے اور نیم عریاں مناظر نظر آئیں گے

،تصویر کا ذریعہraindrop media

،تصویر کا کیپشنفلم ’کیا کول ہیں ہم تھری‘ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس میں فحش مکالمے اور نیم عریاں مناظر نظر آئیں گے

سنی لیونی پر سوال اٹھانے والے اسی معاشرے میں نیم پورن فلموں کا رواج بھی عام ہے اور اس کی مثال بھی موجود ہے۔ فلم ’کیا کول ہیں ہم تھری‘ کے ٹریلرز دیکھ کر ہی پوری فلم کا اندزہ لگایا جا سکتا ہے۔

فلم میں آفتاب شو دیسانی اور ایکتا کپور کے بھائی اور جتیندر کے صاحبزادے توشار کپور ہیں۔ فلم میں بے تحاشہ ذو معنی ڈائلاگ ہیں بلکہ یوں کہا جائے کہ کھلم کھلا فحش ڈائیلاگ اور نیم برہنہ خواتین اور مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔

اس پر طرہ یہ کہ اس فلم کی ریلیز سے پہلے فلمساز ایکتا کپور نے فلم کی کامیابی کے لیے اپنے گھر پر خصوصی پوجا رکھی تھی اور اس میں فلم کے تمام عملے کو موجود رہنے کا حکم بھی دیا تھا۔ اب ایکتا کو اتنی عقل تو ہونی چاہیے کہ ایسی فلم کی کامیابی کے لیے بھلا بھگوان کو خوش کرنے کی کیا ضرورت ہے؟

نواز الدین کی پریشانیاں

نوازالدین کی اداکاری کی ان دنوں بہت تعریف ہو رہی ہے
،تصویر کا کیپشننوازالدین کی اداکاری کی ان دنوں بہت تعریف ہو رہی ہے

بالی وڈ کا ایکشن، رومانس اور کلائمیکس صرف فلموں کی حد تک محدود نہیں رہتا بلکہ ان فنکاروں کی عام زندگی میں بھی نظر آتا ہے۔ نواز الدین صدیقی کئی فلموں میں ولن کے کردار میں نظر آئے ہیں جو اب حقیقی زندگی میں ایک مصیبت میں پھنسے نظر آ رہے ہیں۔

نواز الدین کا سوسائٹی میں پارکنگ پر ہمسائیوں سے جھگڑا ہو گیا جس کے بعد ایک خاتون نے ان پر الزام عائد کہ نواز نے ان کے ساتھ بد تمیزی کی ہے اور انھیں دھکا بھی دیا۔ اس معاملے میں نواز الدین کے خلاف ایف آئی ار تک درج ہو گئی۔

ادھر نواز الدین پریشان ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جس عورت نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے وہ اسے جانتے تک نہیں۔ ہمسایوں کے ساتھ جھگڑے کوئی نئی بات نہیں ایسا ہر محلے یا سوسائٹی میں ہوتا ہے لیکن ایک فلم سٹار کا کسی کے ساتھ جھگڑا فوراً خبر بن جاتا ہے۔

نواز الدین صدیقی اب اس مسئلے سے کیسے پیچھا چھڑاییں گے یہ تو وہی جانیں لیکن انھیں اتنا جاننا ہوگا کہ اب وہ ایک فلمی ہستی ہیں اور کہیں ایسا نہ ہو کہ اس طرح کے تنازعات انھیں حقیقی زندگی کا ولن ثابت کردیں۔

سنی دیول کے بیٹے کے لیے چیلنج

سنی دیول اپنے بیٹے کرن کو رواں برس میں لانچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں

،تصویر کا ذریعہuniversal

،تصویر کا کیپشنسنی دیول اپنے بیٹے کرن کو رواں برس میں لانچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں

اداکار اور ہدایت کار سنی دیول کا کہنا ہے کہ اگر کبھی ایسا موقع آئے جب انھیں کوئی ایسی سکرپٹ ملے جس میں وہ اپنے پاپا دھرمیندر اور بیٹے کرن دونوں کے ساتھ کام کر سکیں تو انھیں بہت خوشی ہوگی۔

سنی نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کرن کو رواں برس لانچ کریں گے۔

ویسے اپنے بیٹے کو لانچ کرنے کا سنی کا آئیڈیا کافی اچھا ہے۔ یوں بھی بطور ہیرو ان کی خود اپنی فلمیں لوگوں کو بمشکل تھیئٹر تک لا پاتی ہیں شاید کرن وہ جادو جگا سکیں جو کسی زمانے میں سنی نے جگایا تھا۔