’بس اتنا سا خواب ہے‘

،تصویر کا ذریعہPTI
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
ایک زمانہ تھا کہ جب محبت میں ناکام عاشق کپڑے پھاڑ کر جنگل کی جانب نکل جایا کرتا تھا یا پھر غم میں ڈوب کر جام اٹھا لیا کرتا تھا لیکن آج کل معاملہ کافی کول ہے۔ کیوں نہ ہو، سوشل میڈیا کا زمانہ ہے بھائی۔
اگر محبوبہ نے دل توڑا تو زیادہ سے زیادہ یہ کیا کہ فیس بک یا ٹوئٹر پر اسے فالو کرنا بند کر دیا۔ بس ہو گئی کٹی۔ ایسا ہی کچھ کرکٹ کے ہیرو ویراٹ کوہلی نے انوشکا شرما کے ساتھ کیا ہے۔
خبر ہے کہ دونوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں کیونکہ ویراٹ کوہلی شادی کرنا چاہتے ہیں اور انوشکا اپنے کریئر پر توجہ دینا چاہتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ویراٹ سنہ 2017 تک ان کا انتظار کریں۔

سوشل میڈیا بھی کمال کی چیز ہے کبھی کبھی تو محبت کا آغاز اور انجام سب یہیں طے ہو جاتا ہے۔ سوشل میڈیا ایک ایسا میدان بن چکا ہے جہاں آپ کو ہر طرح کا تماشا دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگ محبت، چاہت اور پسند کے ساتھ ساتھ کُھل کر نفرت کا اظہار بھی کرتے ہیں۔
اب شاہ رخ خان کو ہی لے لیجیے انھوں نے تو تنگ آ کر ٹوئٹر پر آنا ہی بند کر دیا اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کے ساتھ بد تمیزی بند کریں۔
اب مشہور شخصیات کو بھی یہ خیال رکھنا چاہیے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے تمام پہلوؤں کو سوشل میڈیا کی زینت نہ بنائیں۔

،تصویر کا ذریعہMalaika Official Page
فلمساز اور اداکار ارباز خان اور ان کی بیگم ملائکہ اروڑہ خان کے درمیان علیحدگی کی خبریں بھی زوروں پر ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ دونوں جلد ہی طلاق لینے والے ہیں اور ملائکہ اپنے بیٹے کے ساتھ الگ رہنے لگی ہیں۔
ارباز نے اس کے جواب میں بیگم کی بہن امرتا اروڑہ کی سالگرہ کی تصویر ٹوئٹر پر ڈالی جس سے ملائکہ غائب تھیں اور ساتھ ہی ڈب سمیش پر ایک گیت ’کچھ تو لوگ کہیں گے لوگوں کا کام ہے کہنا‘ گا کر جواب بھی دے ڈالا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اب فلمی ستاروں کے اس انداز پر لوگوں کے ردِ عمل کے بارے میں کیا کہا جائے۔ اب سوشل میڈیا پر ذمہ داری تو دونوں جانب سے بنتی ہے۔

بالی وڈ کے دو بڑے ستارے عامر اور شاہ رخ عدم رواداری پر اپنے بیانات کے بھوت سے آج بھی پیچھا نہیں چھڑا پائے ہیں اور اس کے حوالے سے بھارتی ہندو قوم پرست تنظیمیں وقتاً فوقتاً ان کے خلاف مورچہ نکالنے سے پیچھے نہیں ہٹتیں۔
اب گجرات میں شاہ رخ کی فلم ’رئیس‘ کی شوٹنگ کے دوران وشو ہندو پریشد کے لوگوں نے ہنگامہ برپا کیا لیکن شاہ رخ وہاں موجود نہیں تھے۔
اس طرح کے بیانات دیگر اہم شخصیات کی جانب سے بھی آئے تھے لیکن عامر اور شاہ رخ مسلسل احتجاج کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اور دونوں اداکاروں کی جانب سے اپنے اپنے بیانات پر صفائی دیے جانے کے باوجود شدت پسندوں کو لگام دینے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات نہ کرنا کس طرح کی ’رواداری‘ کا ثبوت دیتا ہے؟
بالی وڈ کے مہنگے ترین ہیروز میں سے ایک کنگ خان کا کہنا ہے کہ ان کا خواب ہے کہ وہ ایک ہوائی جہاز خریدیں لیکن ان کے پاس اتنا پیسہ نہیں کہ وہ اپنی یہ خواہش پوری کر سکیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
شاہ رخ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس جو پیسہ آتا ہے وہ فلمیں بنانے پر لگا دیتے ہیں تو جہاز کہاں سے خریدیں۔ شاہ رخ دنیا کے امیر ترین لوگو ں میں سے ایک ہیں اور کہتے ہیں کہ خواہشات کی کوئی حد نہیں ہوتی۔
شاہ رخ نے اپنی ایک فلم ’یس باس ‘میں ایک گانا گایا تھا ’چاند تارے توڑ لاؤں، ساری دنیا پر چھا جاؤں، بس اتنا سا خواب ہے‘ اور آپ اپنے اس خواب کو کافی حد تک پورا کر چکے ہیں ویسے کہا یہ بھی جاتا ہے کہ:
’ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے بہت نکلے میرے ارمان لیکن پھر بھی کم نکلے‘
شاہ رخ خان اپنی فلم رئیس کے شوٹنگ کے لیے ان دنوں گجرات میں ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP AFP
رنبیر کپور اور قطرینہ کیف کے بریک اپ کی خبروں میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ قطرینہ کی والدہ نے رنبیر کی والدہ نیتو کپور سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ دونوں کے ٹوٹتے رشتے کو بچانے میں ان کی مدد کریں جس پر نیتو نے واضح طور پر کہا کہ یہ ان دونوں کا معاملہ ہے وہ اس میں کچھ نہیں کر سکتیں۔
ادھر رنبیر اور قطرینہ دونوں ہی ایک دوسرے کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ حال ہی میں قطرینہ اپنی فلم ’فتور ‘ کے پروموشن کے لیے دہلی میں تھیں اور رنبیر بھی دہلی میں ہونے والے آٹو شو کے لیے وہاں پہنچے۔
دونوں ہی اس ایونٹ پر گئے لیکن الگ الگ وقت پر۔ اسی دوران جب گوگل ہینگ آؤٹ پر کسی نے رنبیر سے پوچھا کہ وہ نئے سال میں کیا چاہتے ہیں تو ان کا جواب تھا کہ اس سال انھیں ذہنی خوشی چاہیے۔
ادھر ایک سوال کے جواب میں قطرینہ نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا۔ ویسے اگر دماغ پر زور ڈالا جائے تو ان دونوں نے کھل کر کبھی اپنی قربتوں کا اظہار نہیں کیا تھا تو پھر علیحدگی پر کسی طرح کی توقعات بیکار ہیں۔







