’دا ہارٹ آف دا سی‘ پہلے ہفتے میں ہی ڈوب گئی

،تصویر کا ذریعہWarner Brothers
سمندر پر مبنی ہالی وڈ کی نئی فلم ’ان دا ہارٹ آف دا سی‘ تین ہزار سے زائد سینماؤں میں ریلیز ہونے کے بعد صرف 1.1 کروڑ ڈالر کما کر امریکی باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہو گئی ہے۔
پھر بھی ڈائریکٹر رون ہاورڈ کی یہ فلم باکس آفس کی مقبول ترین فلم ’دا ہنگر گیمز موکنگ جے۔ پارٹ ٹو‘ کے بعد دوسرے نمبر پر دکھائی دے رہی ہے۔
فلم دا ہارٹ آف دا سی اُن سچے واقعات پر مبنی ہے جن سے متاثر ہو کر مصنف ہرمن میلول نے اپنی مشہور کتاب ’موبی ڈک‘ لکھی تھی۔
ایک اندازے کے مطابق فلم کا بجٹ تقریباً دس کروڑ ڈالر تھا۔
فلم سے وابستہ کمپنی وارنر برادرز کے نائب صدر جیف گولڈسٹین نے کہا: ’ہم اس کہانی پر (ہدایت کار) رون کے نقطہ نظر کی حمایت کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمیں اُن پر بھروسہ ہے۔ وہ بہت عمدہ فلم ساز ہیں، لیکن بدقسمتی سے کچھ فلمیں مقبول ہو جاتی ہیں اور کچھ نہیں۔ ‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رون ہاورڈ نے ماضی میں اپنی فلموں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ سنہ 2002 میں ان کی فلم ’بیوٹی فل مائنڈ‘ نے دو آسکر انعام حاصل کیے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAP
ان کی دیگر مشہور فلموں میں ’فراسٹ/نکسن‘ اور ’اپالو 13‘ شامل ہیں۔ البتہ سنہ 2006 میں مقبول کتاب ’ڈا ونچی کوڈ‘ پر مبنی ان کی فلم کچھ زیادہ نہیں چلی تھی۔
رواں سال وارنر برادرز نے ’دا لیگو مووی،‘ ’گاڈزیلا،‘ ’امیریکن سنائپر‘ سمیت کئی فلموں سے کامیابی حاصل کی ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ اسے ’دا مین فرام انکل،‘ ’جوپیٹر سینڈنگ‘ اور ’پین‘ جیسی فلموں سے ناکامی کا منھ بھی دیکھنا پڑا ہے۔
فی الوقت تو ہالی وڈ مقبول ترین فلم ’سٹار وارز: دا فورس اویکنز‘ کی تیاریاں کر رہا ہے جو اس ہفتے سینماؤں کی زینت بننے والی ہے۔
جیف گولڈ سٹین کا کہنا ہے کہ وہ امید کر رہے تھے کہ دا ہارٹ آف دا سی سٹار وارز سے پہلے ریلیز ہو کر کرسمس کی چھٹیوں میں کامیابی حاصل کرے گی۔
اب تمام نظریں سٹار وارز کی ریلیز کے پہلے ہفتے کی آمدنی پر ٹکی ہوئی ہیں جو رواں سال نمائش کے لیے پیش کی جانے والی کامیاب فلم ’جوریسک ورلڈ‘ کی تقریباً 20 کروڑ نو لاکھ ڈالر کے پہلی ہفتے کی آمدنی کو بھی پار کر سکتی ہے۔







