سٹار ٹریک کی نئی ٹیلی وژن سیریز 2017 میں

امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس نے اعلان کیا ہے کہ جنوری 2017 میں وہ سٹار ٹریک کی نئی ٹیلی وژن سیریز کا آغاز کر رہے ہیں۔
پروگرام کی ویب سائٹ کے مطابق اس سیریز میں ’نئے کرداروں کو متعارف کروایا جائے گا جو تصوراتی نئی دنیاؤں اور تہذیبوں کی تلاش میں نظر آئیں گے۔‘
مقبول ترین پروگراموں کی فہرست میں شامل خلا میں پیش آنے والے حالات و واقعات کی کہانیوں پر مبنی یہ فرنچائز سنہ 2016 میں اپنی 50ویں سالگرہ منائے گا۔
سی بی ایس ٹی وی سٹوڈیوز کے صدر ڈیوڈ کہتے ہیں ’سٹار ٹریک کے پرستاروں کے لیے نئی سیریز پیش کرنے کے لیے اس سے بہتر وقت نہیں ہوسکتا۔‘
سنہ 2009 میں جاری ہونے والی فلم سٹار ٹریک اور سنہ 2013 کی فلم ’سٹار ٹریک اِن ٹو ڈارکنس‘ کے معاون مصنف اور پروڈیوسر ایلکس کرٹزمین اس ٹی وی سیریز کے ایگزیکیٹیو پروڈیوسر ہوں گے۔
ڈیوڈ کہتے ہیں ’اس مخصوص پروگرام کے لیے ہر ایک کے دل میں بہت احترام ہے اور ایلکس جیسے تخلیقی ذہن اور ہنرمند شخصیت کے ہاتھوں ٹیلی وژن کی دنیا میں اس پروگرام کی نئی سیریز کے آغاز کے لیے ہم بہت پُرجوش ہیں۔ وہ اس کی دنیا کو بھی اچھی طرح جانتے ہیں اور اس کے پرستاروں کو بھی خوب سمجھتے ہیں۔‘
سیریز کی پہلی قسط سی بی ایس ٹیلی وژن پر خاص طور پر دکھائی جائے گی۔ تاہم بعد میں سیریز صرف سی بی ایس نیٹ ورک کی آن ڈیمانڈ اور لائیو سٹریمنگ کی ڈیجیٹل سروس سی بی ایس آل ایکسِس پر ہی دکھائی جائے گی۔
امید کی جارہی ہے کہ اسے سی بی ایس سٹوڈیوز انٹرنیشل کے ذریعے دنیا بھر میں بھی جاری کیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







