2015 سے ہر سال نئی سٹار وارز فلم

امریکی انٹرٹینمنٹ کمپنی ڈزنی نے اعلان کیا ہے کہ سال دو ہزار پندرہ سے ہر سال سٹار وارز کی ایک نئی فلم منظرِعام پر آئے گی۔
اس بات کا اعلان امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں جاری سینما کانفرنس میں والٹ ڈزنی کی شریک چیئرمین ایلن ہارن نے کیا۔
سٹار وارز کے بانی جارج لوکس نے اپنی پروڈکشن کمپنی لوکس فلم کو گزشتہ سال ڈزنی کو چار اعشاریہ صفر پانچ ارب ڈالر میں فروخت کر دیا تھا۔
ڈزنی کے مطابق سٹار ٹریک کے ڈائریکٹر جے جے ابراہمز سٹار وارز کی ساتویں قسط سے یہ سلسلہ شروع کریں گے اور اس فلم کا سکرپٹ مائیکل آرنڈ لکھیں گے جبکہ بعد میں تیار ہونے والی فلموں کے سکرپٹ لارنس کیسڈن اور سائمن کنبرگ لکھیں گے۔
کیسڈن نے اس سے پہلے سٹار واز سیریز میں ایمپائر سٹرائک بیک اور ریٹرن آف جیڈی کے سکرپٹ تحریر کیے تھے جب کہ کنبرگ ایکس مین سیریز کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ اس سلسلے کی پہلی فلم میں جیڈی ماسٹر یوڈا کے کردار پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔
ڈزنی کے اس اعلان پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور فلموں کی ویب سائٹس پر شائقین کا ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔
کرٹ بروکس نے ایک ٹویٹ پر اس اعلان کو’بے ہودہ‘ قرار دیتے ہوئے ایک فلم کے سب سے مشہور جملہ تحریر کیا،’میں اس بارے میں اچھا محسوس نہیں کر رہا‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
برئن ہچ نے لکھا ہے کہ ’سٹار وارز کی ہر سال نئی فلم، میرے بچے ضرورت سے زیادہ ہی خوش ہیں‘۔
فوربز جریدے کے لیے لکھنے والی کیرل پنچکسی کے مطابق ’ٹویٹ کرنے والوں کو پہلے ہی خدشہ تھا کہ سٹار وارز پر زیادہ بوجھ ڈالا جائے گا، کہ ڈزنی جتنی سے تیزی سے فلمیں بنا سکتی ہے، فلموں کو’زبردستی مارچ ‘ کرایا جائے گا۔‘
سٹار وارز کی ابتدائی فلم سنہ انیس سو ستتر میں برطانیہ میں ریلیز ہوئی تھی۔اس فلم’ایول ایمپائر، آن اے گلکسی، فار فار آوے‘ میں ہیری سن فورڈ، مارک ہیمل اور کیری فشر نے اداکاری کی تھی۔







