’وہ شاید پھر سے جوان ہونے کو کہیں‘

59 سالہ کیری فشر نے بتایا کہ انھوں نے ورزش اور کھانا کم کرکے 35 پاؤنڈز وزن گھٹایا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن59 سالہ کیری فشر نے بتایا کہ انھوں نے ورزش اور کھانا کم کرکے 35 پاؤنڈز وزن گھٹایا ہے

امریکی اداکارہ کیری فشر کا کہنا ہے کہ انھیں ’سٹار وارز‘ کی نئی سیریز ’دی فورس اویکنز‘ میں کام کرنے کے لیے اپنا وزن گھٹانا پڑا جس کے لیے ان پر شدید دباؤ تھا۔

سٹار وارز میں شہزادی لیا کا کردار ادا کرنے والی کیری فشر کا کہنا ہے کہ ’ہالی وڈ میں رہ کر آپ کیسے دکھائی دیتے ہیں اس کا خیال پاگل بنا دیتا ہے۔‘

ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ’وہ مجھے فلم میں پورا نہیں لینا چاہتے، انھیں صرف میری ایک تہائی ضرورت ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’ہم حسن کو ہی سب کچھ سمجھتے ہیں جو کہ پاگل پن ہے۔ کچھ نہیں بدلتا، یہ بس ایسا ہے کہ آپ دکھائی کیسے دیتے ہیں۔‘

’جو کام میں کرتی ہوں اس میں دو چیزیں اہمیت رکھتی ہیں، ایک آپ کی شبیہ کیسی ہے اور دوسری آپ کا وزن۔‘

کیری فشر کا کہنا تھا کہ ’یہ سب کچھ بہت الجھ چکا ہے۔شاید اب وہ یہ بھی کہیں کہ دوبارہ سے جوان ہو جاؤ، کیونکہ یہ اتنا ہی آسان ہے۔‘

گڈ ہاؤس کیپینگ میگزین کو دیے انٹرویو میں 59 سالہ کیری فشر نے بتایا کہ انھوں نے ورزش اور کھانا کم کرکے 35 پاؤنڈز وزن کم کیا ہے۔

’میرے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا۔ مجھ پر تھوڑا مشکل وقت تھا میں کھاتی اور پھر ورزش کرتی۔ میرے لیے کوئی سرگرمی شروع کرنا آسان تھا بجائے کسی چیز کو مسترد کرنے کے۔‘

کیری نے کہا کہ ’لاس اینجلس میں ہر کوئی یہی کہتا ہے ’آپ اچھے لگ رہے ہیں، اور آپ انھیں سنتے ہیں کہ وہ کہیں: آپ کا وزن کم ہو گیا ہے۔ کوئی یہ نہیں کہتا کہ آپ کیسے ہیں یا آپ خوش لگ رہے ہیں۔‘