اب دیپیکا بھی ہالی وڈ کا رخ کرنے والی ہیں؟

،تصویر کا ذریعہdeepika twitter page
بالی وڈ فنکاروں کی ہالی وڈ میں جگہ بنانے کی خواہش کسی سے چھپی نہیں ہے اور حال ہی میں اداکارہ دیپکا پادکون بھی اس فہرست میں شامل ہوئی ہیں۔
چند روز قبل انھوں نے ہالی وڈ اداکار وین ڈیزل کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی جس کے بیک گراؤنڈ میں ہالی وڈ کی فلم سیریز ’ٹرپل ایکس‘ کا لوگو بھی نظر آ رہا ہے۔
اس تصویر کو دیپکا کے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی شائع کیا گیا ہے۔
دیپیکا کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد وین ڈیزل نے بھی اپنے اکاؤنٹ سے بھارتی اداکارہ کے ساتھ ایک اور تصویر شیئر کی۔
ان تصاویر کے منظرِ عام پر آنے کے بعد دیپیکا کے ’ٹرپل ایکس‘ فرینچائز کی اگلی فلم میں نظر آنے کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
دیپیکا پہلی بھارتی اداکارہ نہیں، جنھوں نے ہالی وڈ میں مقام بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ان سے پہلے بھی کئی اداکاراؤں نے ہالی وڈ کی فلموں میں کام کیا ہے اور کچھ تو اب بھی امریکی ٹی وی سيريلز میں کام کر رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اداکارہ پرینکا چوپڑا ان دنوں امریکن ٹی وی شو ’كوانٹكو‘ میں ایک ایف بی آئی ایجنٹ کے روپ میں دکھائی دے رہی ہیں اور اس کے لیے انھیں ایوارڈ کی نامزدگی بھی ملی ہے۔

،تصویر کا ذریعہASEEM CHHABRA
ان سے پہلے فلم ’لنچ باكس‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ نمرت کور بھی امریکن ٹی وی شو ’ہوم لینڈ‘ میں آئی ایس آئی ایجنٹ کا کردار ادا کر چکی ہیں۔
دنیا میں اپنی خوبصورتی کے لیے پہچانی جانے والی ایشوریا رائے بچن نے بالی وڈ کے ساتھ ہالی وڈ میں بھی کامیابی پائی ہے۔
ہالی وڈ کے سفر کے آغاز انھوں نے ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قبل ڈائریکٹر گریندر چڈا کی فلم ’برائیڈ اینڈ پریجوڈس‘ سے کیا تھا اور اس کے بعد وہ ’پنک پینتھر‘ سمیت پانچ ہالی وڈ فلموں میں کام کر چکی ہیں۔
سنجیدہ اداکاراؤں میں شمار ہونے والی تبو نے بھی ہالی وڈ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور ان کے کھاتے میں ’دی نیم سیك‘ اور سنہ 2012 میں آنے والی ’لائف آف پائی‘ شامل ہیں۔
بےباک اداكاراؤں میں شامل ملکہ شیراوت بھی 2005 میں مشہور اداکار جیکی چین کی فلم ’دی متھ‘ میں نظر آئیں تھیں۔ اس کے بعد انھوں نے ’ہس‘ اور ’پولیٹکس آف لو‘ جیسی ہالی وڈ فلمیں بھی کیں۔
ان سب کے علاوہ بالی وڈ سے ہالی وڈ کا رخ کرنے والی اداكاراؤں میں جیكلين فرنینڈس، نرگس فخري، للت دوبے اور ٹینا دیسائی کے نام بھی شامل ہیں۔







