’میرے کردار سے دیگر اداکاروں کے لیے نئی راہیں کھلیں گی‘

،تصویر کا ذریعہGetty
بھارتی اداکارہ پرینکا چوپڑا نے اُمید ظاہر کی ہے کہ امریکی ٹی وی شو ’کوانٹیکو‘ میں اُن کا مرکزی کردار دیگر بھارتی اداکاروں کے لیے امریکہ میں کام کرنے کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔
سابقہ عالمی ملکہ حسن پہلی بار ایک بھارتی اداکارہ کی حیثیت سے امریکی ٹی وی سیریز میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس ٹی وی سیریز میں اُن کا کردار ایف بی آئی ایجنٹ ایلکس پیرش کا ہے جس پر دہشت گردی کا شبہ ظاہر کیا جاتا ہے۔
33 سالہ اداکارہ نے بھارت میں بالی وڈ فلموں اور ’کوانٹیکو‘ میں اداکاری کرنے کے حوالے سے ایک ای میل انٹرویو میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں صرف یہ اُمید کر سکتی ہوں کہ اِس سے صحیح دروازے کھلیں۔‘
اُنھوں نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ بھارت میں ہمارے پاس بہت زیادہ قابل لوگ ہیں، جن میں اداکار،ڈائریکٹر، ٹیکنیشن شامل ہیں اور یہاں بھارت سے باہر اپنی صلاحیت دکھانے کے لیے اُن کے پاس بہت زیادہ مواقع میسر ہیں۔‘
پرینکا چوپڑا کے کردار پیرش کے بارے میں کافی اچھے تجزیے دیے جا رہے ہیں جن پر 11 سمتبر سنہ 2001 کے بعد امریکی سرزمین پر سب سے بڑے دہشتگر حملے کے منصوبہ ساز ہونے کا الزام ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty
سیریز میں امریکی ریاست ورجینیا میں واقع ایف بی آئی اکیڈمی میں ایک زیر تربیت ایجنٹ کی حیثیت سے اُن کا وقت دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ سیریز میں موجودہ دور بھی دکھایا گیا ہے جب ایلکس قانون سے بچ کر بھاگ رہی ہیں اور خود کو بے گناہ ثابت کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہیں۔
کہانی اِس طرح سے تیار کی گئی ہے کہ ناظرین اندازے لگانے کی کوشش کرتے رہیں کہ حملوں کا منصوبہ ساز کون تھا۔ پیرش یا کواینٹکو میں اُن کے سابقہ ساتھیوں میں سے کوئی ایک۔
بالی وڈ اداکار انیل کپور (24)، راہول کھنہ (دا امریکن)، اور نمرت کور (ہوم لینڈ) امریکی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں لیکن پرینکا چوپڑا بھارت سے تعلق رکھنے والی پہلی اداکارہ ہیں جو کہ ایک امریکی ٹی وی سیریز کی مرکزی کردار ہیں۔
امریکہ کے اہم شہروں میں بل بورڈز پر پرینکا چوپڑا کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ چوپڑا جو کہ سنہ 2000 میں عالمی ملکہ حسن کا تاج بھی اپنے سر پر سجا چکی ہیں، کہتی ہیں کہ وہ دباؤ محسوس کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کوانٹیکو میں ان کا کردار بہت زیادہ جداگانہ ہے۔
’میں گھبرا گئی تھی، پہلے میں کچھ نیا کرنے کی کوشش میں تھی، میں یہ کردار مکمل طور پر نئے لوگوں میں ادا کر رہی ہوں۔ ایک مختلف زبان میں، ناظرین سکرین پر میری جس شخصیت سے واقف ہیں اُس سے بالکل مختلف کردار۔‘







