پرینکا چوپڑا بنیں ایف بی آئی ایجنٹ

،تصویر کا ذریعہAP
بالی وُڈ کی مشہور ہیروئن پرینکا چوپڑا نے امریکی ٹی وی کے ایک ڈرامے میں تفتیشی ادارے ایف بی آئی کی ایجنٹ کا کردار ادا کرنے کی حامی بھر لی ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی چینل ’اے بی سی نیٹ ورک‘ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے مطابق ماضی کی مِس ورلڈ ایک سال کے لیے چینل کے ڈرامے ’کوانٹیکو‘ میں خفیہ ایجنٹ کا کرادر ادا کریں گی۔
پرینکا چوپڑا اعتراض، کرِش اور ڈان جیسی ہِٹ فلموں کے علاوہ بالی وُڈ کی کئی فلموں میں مرکزی کردار کر چکی ہیں۔
ان کے علاوہ انھیں کمینے، سات خون معاف اور میری کوم جیسی فلموں میں غیر روایتی اور بولڈ کرداروں کی وجہ بہت سراہا گیا ہے۔
کوانٹیکو کی فلمبندی شروع ہو چکی ہے اور یہ ڈرامہ ایف بی آئی کے جوان ایجنٹوں کے گرد گھومتا ہے جن میں سے ہر ایجنٹ کسی خفیہ مقصد کے لیے ایف بی آئی سے منسلک ہوتا ہے۔
ڈرامے میں پرینکا ’ایلکس‘ نامی ایجنٹ کا کردار کریں گی جس کا ماضی اس کے ٹریننگ کیمپ پر پہنچنے کے تھوڑے ہی دنوں بعد سامنے آنا شروع ہو جاتا ہے۔ پرینکا کے مدمقابل مرد کردار جیک میکلاگلِن ادا کریں گے جو آجکل امریکہ میں دکھانے جانے والے ہِٹ ڈرامے ’بیلیو‘ کی وجہ سے بہت مشہور ہو چکے ہیں۔
گذشتہ کچھ برسوں میں کئی بھارتی اور بھارتی نژاد امریکی اداکار امریکی ٹی وی کے کئی معروف ’سوپس‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جن میں ہوم لینڈ، نیوز روم، بِگ بینگ تھیوری، ہاؤس آف کارڈز اور ’دا گُڈ وائف‘ بہت مقبول ہوئے۔ تاہم پرینکا بالی وُڈ کا پہلا بڑا نام ہے جو امریکی ٹی وی سکرین پر جلوہ گر ہو رہا ہے۔
اے بی سی کے ساتھ معاہدے کے بعد ایک بیان میں پرینکا کا کہنا تھا: بطور اداکار میں مسلسل اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو چیلنج کرتی رہتی ہوں۔جب کوانٹیکو کے ڈائریکٹر کاسٹنگ کیلی لی نے مجھے اے بی سی چینل کی فیملی میں شامل ہونے کی پیشکش کی تو میں نے فوراّ حامی بھر لی۔ میں ڈرامے کی پروڈکشن ٹیم اور اس میں شامل انتہائی منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ کام کر کے بہت خوش ہوں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ ماضی میں پرینکا گائیکی کے میدان میں بھی قسمت آزمائی کر چکی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے ساتھ ساتھ وہ بالی وڈ میں کام جاری رکھیں گی۔







