کیا روینا ٹنڈن پردۂ سیمیں پر بینظیر بھٹو بنیں گی؟

،تصویر کا ذریعہAP AND SPICE
اپنے زمانے کی معروف اداکارہ روينا ٹنڈن ایک عرصے تک بالی وڈ سے دور رہنے کے بعد ایک بار پھر سے پردۂ سیمیں پر جلوہ گر ہوں گی۔
بھارتی اخبار ’مڈ ڈے‘ میں شائع ایک خبر کے مطابق روينا ٹنڈن پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی زندگی پر مبنی ایک فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گیں۔
خیال رہے کہ پہلے یہ فلم ودیا بالن کو پیش کی گئی تھی۔
اطلاعات کے مطابق روينا نے فلم کا سکرپٹ تیار کرنے والے مصنف کے ساتھ ملاقات کی ہے اور انھوں نے سکرپٹ میں بعض تبدیلیوں کا بھی مشورہ دیا ہے۔
روينا ٹنڈن اس فلم کو پروڈيوس بھی کرنا چاہتی ہیں۔ اس سے قبل روینہ ٹنڈن نے فلم ’سٹمپڈ‘ اور ’پہچان: دا فیس آف ٹروتھ‘ کو بھی پروڈیوس کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
یاد رہے کہ 27 دسمبر سنہ 2007 کو راولپنڈی میں ہونے والے ایک بم حملے میں بے نظیر بھٹو کی موت ہو گئی تھی۔
روينا ٹنڈن اس سے قبل سنہ 2012 میں آنے والی فلم ’بڈھا ہوگا تیرا باپ‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ نظر آئی تھیں۔
رنبیر کپور کی آنے والی فلم ’بامبے ویلویٹ‘ میں بھی ان کا ایک مختصر سا کردار ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روینا ٹنڈن کو ’دامن‘، ’پتھر کے پھول‘ اور فلم ’عکس‘ کے لیے متعدد انعامات مل چکے ہیں جن میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔







