ابھیشیک کب تک بیگم پر فخر کرتے رہیں گے؟

،تصویر کا ذریعہBeena Ahuja
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بھارتی فلم انڈسٹری کے جونئیر بچن یعنی ابھیشیک بچن نے ایشوریہ رائے کی فلم ’ جذبہ‘ دیکھنے کے بعد کہا کہ انھیں اپنی بیوی ایشوریہ رائے پر فخر ہے۔
41 سالہ ایشوریہ پانچ سال کے بعد کسی فلم میں نظر آئی تھیں۔
ابھیشیک کا کہنا تھا کہ ایشوریہ نے فلم ’جذبہ‘ میں زبردست اداکاری کی ہے۔ انھوں نے ایشوریہ کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والے عرفان خان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ’جذبہ‘ ایک اچھی اور جذباتی کہانی تھی۔
اب ابھیشیک سے کوئی پوچھے کہ بھائی کب تک پاپا اور بیگم پر فخر کرتے رہیں گے کبھی انھیں بھی تو موقع دیں کہ وہ آپ پر فخر کر سکیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC AND AFP
قطرنیہ ہیں ’ان سکیور‘؟
جب سے رنبیر کپور اور ان کی سابق گرل فرینڈ دپیکا پادوکون کی فلم ’تماشا‘ مکمل ہوئی ہے فلم میں رنبیر اور دیپیکا کی کیمسٹری کی باتیں میڈیا کی سرخیاں بن رہی ہیں۔
اور ساتھ ہی یہ خبریں بھی کہ رنبیر کپور کی مبینہ گرل فرینڈ قطرینہ کیف اس طرح کی خبروں سے’ اِن سکیور‘ہو رہی ہیں اب آخر کار قطرینہ نے ان خبروں اور افواہوں کا جواب دینے کی ٹھان لی ہے۔
ہوا یوں کہ ایک آن لائن سروے کے بعد یہ کہا جانے لگا کہ رنبیر اور دیپیکا کی مقبولیت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ وہ مستقبل کے شاہ رخ اور کاجول بن سکتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جب قطرینہ سے اس بارے میں ردِ عمل معلوم کیا گیا توانھوں نے کہا کہ میں کوئی ڈائریکٹر نہیں اور اداکاروں کو اس نظر سے نہیں دیکھتی اور ہر کوئی کسی کے بھی ساتھ کام کرنے کے لیے آزاد ہے۔
ویسے قطرینہ کافی سمجھدار ہیں کیونکہ وہ خود سلمان خان کے ساتھ کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں اور لوگ نے ان کی جوڑی کو بھی بہت پسند کرتے ہیں۔
رنبیر اور دیپیکا اپنے بریک اپ کے بعد اس سے پہلے فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی ‘ میں بھی ساتھ کام کر چکے ہیں جو سپر ہٹ رہی تھی۔
فنکاروں کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں

،تصویر کا ذریعہHoture Images
حال ہی میں بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ہندو قوم پرست جماعت شیوسینا نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی ریاست میں کسی بھی پاکستانی کرکٹر یا فنکاروں کو کام کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
اب ان فنکاروں میں پاکستانی اداکارہ مائرہ خان اور فواد خان بھی شامل تھے جو بالی وڈ کے دو بڑے بینرز کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
اس بارے میں زیادہ لوگوں نے کھل کر کچھ کہنے کی ہمت نہیں کی لیکن اداکار سدھارتھ ملہوترہ نے کھل کر پاکستانی فنکاروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو کام کرنے کا حق ہے اور فنکاروں کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں۔
کیا بات ہے سدھارتھ آپ فلم ہی نہیں بلکہ اصل زندگی میں بھی ہیرو کی طرح باتیں کرتے ہیں اب آپ کی اگلی فلم کی ریلیز میں شو سینا کو کافی دلچسپی رہے گی۔
’سلطان‘ اور ’رئیس‘ عید پر ایک ساتھ

،تصویر کا ذریعہGetty
آخر کار اس بات کی تصدیق ہو ہی گئی کہ سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ 2016 میں عید کے موقع پر ایک ہی تاریخ پر ریلیز ہوں گی۔
ان دونوں فلموں کے بارے میں کافی کچھ کہا جا رہا تھا کہ انڈسٹری کے دو بڑے خان ٹکرائیں گے لیکن دونوں نے ہی ابتدا سے اس طرح کی باتوں کو مسترد کرنے کی کوشش کی ہے۔
دونوں فلموں کی ریلیز کے بارے میں فلم رئیس کے پروڈیوسر فرحان اختر نے کہا کہ ماضی میں بھی بڑی بڑی فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہوئیں اور دونوں نے ہی اچھا بزنس کیا ہے اور اس بار بھی ایسا ہی ہوگا۔
فرحان کا کہنا تھا کہ فلم کو پسند اور نہ پسند کرنا لوگوں کا کام ہے۔
چلیں دیکھتے ہیں کہ انڈسٹری کے یہ کرن ارجن اگلی عید تک اپنی دوستی کی پینگیں کس حد تک بڑھا پائیں گے۔
’شاندار‘ کے بعد اب ’رنگون‘

،تصویر کا ذریعہspice
اداکار شاہد کپور اپنی فلم ’شاندار‘ فلاپ ہونے کے بعد بڑی خاموشی کے ساتھ اپنی اگلی فلم ’رنگون‘ کی تیاری میں مصروف ہو گئے ہیں۔
فلم میں ان کے ساتھ پہلی بار کنگنا رناوت اور سیف علی خان نظر آئیں گے۔
شاہد نے جس طرح اس فلم میں اپنے کردار کے بارے میں کچھ نہیں بتایا اسی طرح اپنی سابق گرل فرینڈ بیبو یعنی کرینہ کپور کے شوہر سیف علی خان کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں بھی کوئی بات نہیں کی۔
خیر دپیکا اور رنبیر کی کمیسٹری کے تو آج کل بہت چرچے ہیں دیکھیں اب اس فلم میں سیف اور شاہد کی کیمسٹری کیسی رہے گی؟







