پلیز رنبیر کے بارے میں سوال مت پوچھیں: قطرینہ

قطرینہ اور رنبیر کپور کی شادی کی خبریں اکثر آتی رہتی ہیں

،تصویر کا ذریعہpr

،تصویر کا کیپشنقطرینہ اور رنبیر کپور کی شادی کی خبریں اکثر آتی رہتی ہیں

بالی وڈ کی اداکارہ قطرینہ کیف ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’فینٹم‘ کی تشہیر میں مصروف نظر آ رہی ہیں اور وہ اس فلم کے علاوہ کسی دوسرے موضوع پر بات نہیں کرنا چاہتیں۔

گذشتہ دنوں ’فینٹم‘ کی پاکستان میں نمائش رکوانے کی معاملے پر فلم کے ڈائریکٹر کبیر خان اور اداکار سیف کھل کر میڈیا کے سامنے آئے لیکن قطرینہ اس تنازعے سے دور ہی رہیں۔

تنازعات سے دور رہنے کی قطرینہ پرزور کوشش کرتی ہیں اور تو جب ممبئی کے محبوب سٹوڈیو میں ہی بی بی سی سے ملیں تو ریکارڈنگ شروع ہونے سے پہلے ہی کہا کہ ’پلیز رنبیر کے بارے میں مت پوچھیں۔‘

قطرینہ اور رنبیر کپور کی شادی کی خبریں اکثر آتی رہتی ہیں اور اس خبر سے ان دونوں ہی اداکاروں کو اکثر پریشان ہوتے دیکھا گیا ہے۔

رنبیر اور پاکستان میں فلم پر پابندی سے متعلق سوالوں کو ٹالتے ہوئے کہا کہ’ مجھے فرق نہیں پڑتا، باتیں تو دیپکا یا پرینکا کے بارے میں بھی ہوتی ہے، یہ تو ہوگا ہی اور اب یہ مجھے پریشان نہیں کرتا۔‘

2014 میں فلم ’بینگ بینگ‘ کی ریلیز کے تقریباً ایک سال کے بعد قطرینہ کیف بڑے پردے پر نظر آنے والی ہیں۔

’بینگ بینگ‘ کے بعد ہی ایک بار پھر ’فینٹم‘ میں ایکشن موڈ میں دکھائی دیں گی۔

’فینٹم‘ فلم ممبئی حملوں کے تناظر میں بنائی گئی ہے

،تصویر کا ذریعہUTV

،تصویر کا کیپشن’فینٹم‘ فلم ممبئی حملوں کے تناظر میں بنائی گئی ہے

’میں اب ایکشن کی عادی ہو چکی ہوں اور سچ کہوں تو مجھے اس میں کافی مزہ آتا ہے۔‘

اس فلم میں قطرینہ، سیف علی خان کے ساتھ ایک خفیہ ایجنٹ کے کردار میں ہیں اور فلم کی کہانی 26/11 کے ممبئی حملوں کے تناظر میں ہے۔

’بجرنگی بھائی جان‘جیسی سپرہٹ فلم کے ڈائریکٹر کبیر خان کے ساتھ قطرینہ کی یہ تیسری فلم ہے اس سے پہلے وہ ’نیویارک‘ اور ’ایک تھا ٹائیگر‘ میں اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔

’ایک تھا ٹائیگر‘ میں بھی وہ ایک خفیہ ایجنٹ کے کردار میں تھیں تو کیا ان کا کردار دہرایا تو نہیں جا رہا؟

قطرینہ نے اس پر کہا کہ ’نہیں، ایک تھا ٹائیگر میں میرا رول مختلف تھا اور فینٹم کا مختلف ہے۔ اسے میں ایکشن رومانس کی کیٹیگری میں رکھتی ہوں اور وہ رومانٹک شیڈ کی فلم تھی۔‘

تاہم بجرنگی بھائی جان سے اپنی فلم کے مقابلے پر قطرینہ بس اتنا ہی کہتی ہیں کہ ’فینٹم‘ کبیر کی بہترین فلم ہے لیکن باکس آفس پر’بجرنگی بھائی جان‘ہی ان کی اب تک کی سب سے کامیاب فلم ہے۔