’اچھے دوست ہیں تو اب ہر چیز ساتھ ساتھ‘

سیف علی خان اور قطرینہ کیف فلم ’فینٹم‘ میں ایک ساتھ آ رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنسیف علی خان اور قطرینہ کیف فلم ’فینٹم‘ میں ایک ساتھ آ رہے ہیں

کیا آپ جانتے ہیں کہ قطرینہ کیف نے ابھی تک سلمان خان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ نہیں دیکھی ہے۔

ایک پروگرام کے دوران جب قطرینہ سے بجرنگی بھائی جان کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا: ’نہیں، میں نے ابھی تک وہ فلم نہیں دیکھی ہے۔ لیکن میں اس فلم کو ایک دو دنوں میں ضرور دیکھنے والی ہوں۔‘

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/08/150801_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

انھوں نے مزید کہا کہ سیف علی خان نے مجھ سے کہا کہ ’میں اس ملک میں واحد لڑکی ہوں جس نے ابھی تک یہ فلم نہیں دیکھی ہے۔‘

خیال رہے کہ سیف علی خان اور قطرینہ کیف فلم ’فینٹم‘ میں ایک ساتھ آ رہے ہیں اور اسی فلم کے ٹریلر کے لانچ کے وقت سیف نے قطرینہ سے مزاقاً یہ بات کہی تھی کیونکہ قطرینہ کیف کبھی سلمان کے بہت قریب ہوا کرتی تھیں۔

تاہم قطرینہ کیف نے کہا کہ ’کبیر (فلم کے ڈائریکٹر) نے انھیں اس فلم کا تھوڑا تھوڑا حصہ، کوئی شاٹ، کوئی گیت دکھایا ہے۔‘

انھوں نے کہا: ’اس کے علاوہ انھوں نے مجھے اس فلم میں آنے والی ایک ننھی سی لڑکی کو بھی دکھایا اور کہا کہ وہ تمہاری طرح نظر آتی ہے۔‘

’ہم لوگ اتنے اچھے دوست ہیں تو اب ہر چیز ساتھ ساتھ کریں گے‘

سلمان خان کی ’سلطان‘ اور شاہ رخ کی ’رئیس‘ اگلے سال عید پر ریلیز ہو نے والی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کی ’سلطان‘ اور شاہ رخ کی ’رئیس‘ اگلے سال عید پر ریلیز ہو نے والی ہے

سلمان خان اور شاہ رخ اپنی دوستی اور دشنمی دونوں کو نبھانے کے سلسلے میں سرخیوں میں رہے ہیں۔

دونوں کی اگلی فلم عید کے موقعے پر ریلیز ہو رہی۔ سلمان خان کی ’سلطان‘ اور شاہ رخ کی ’رئیس‘ دوڑ میں شامل ہیں۔ لوگوں کا خیال ہے کہ دونوں میں ٹکر ہوگی۔

اس بابت شاہ رخ خان نے اپنے انداز میں جواب دیا: ’پہلے تو میں یہ کہہ دوں کہ یہ کلیش (ٹکراؤ) نہیں ہے۔ اور ان دونوں فلموں میں شامل زیادہ تر لوگ دوست ہیں۔چاہے میں پروڈیوس کروں یا سلمان اداکاری کریں۔‘

تاہم انھوں نے یہ تسلیم کیا: ’ہاں بزنس منقسم ہو گیا ہے لیکن ہم لوگ اتنے اچھے دوست ہیں تو اب ہر چیز ساتھ ساتھ کریں گے۔ تو فلم بھی ساتھ میں ریلیز کریں گے اور کسی قسم کے ٹکراؤ کی بات نہیں ہے۔‘

انھوں نے آخر میں یہ بھی کہا کہ ’چونکہ سب ایک دوسرے کے قریبی ہیں اور ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں اس لیے بہترین بزنس حاصل کرنے کے لیے بات چیت کریں گے۔‘

دوسری جانب سلمان خان نے بجرنگی بھائی جان کی کامیابی کا سہرا شاہ رخ اور عامر خان کے سر کیا ہے۔

’مزید غلطیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا‘

عمران عباس نقوی کی فلم ’کریئچر تھری ڈی‘ کو کامیابی نہ مل سکی

،تصویر کا ذریعہimran abbas

،تصویر کا کیپشنعمران عباس نقوی کی فلم ’کریئچر تھری ڈی‘ کو کامیابی نہ مل سکی

پاکستانی اداکار عمران عباس نقوی کی فلم ’کریئچر تھری ڈی‘ کو کامیابی نہ مل سکی جس کے بعد عمران عباس کا کہنا ہے کہ وہ مزید غلطیوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

ان سے جب پوچھا گیا کہ ان کی فلم کی ناکامی کے بعد اب ان کے پاس کوئی آفر ہے تو انھوں نے کہا کہ ’آفر تو بہت ہیں لیکن اب میں فلمیں دیکھ بھال کر کروں گا۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’میں مزید غلطیاں کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ فلمیں ہندوستان کی ہوں یا پاکستان کی ہوں، انگلستان سے ہوں یا ترکمنستان سے وہ پروجیکٹ اچھا ہونا چاہیے اس میں کچھ دم ہونا چاہیے۔‘

اپنی فلم ’کریئچر تھری ڈی‘ کے حوالے سے انھوں نے کہا: ’لوگ کہتے ہیں آپ نے کیسی فلم کر ڈالی وہ کچھ عجیب قسم کی تھی۔ دراصل وہ ایک تجرباتی فلم تھی، وہ ایک نئی طرح کی فلم تھی جو کچھ لوگوں کو ہضم ہوئی کچھ کو نہیں ہوئی۔ اور وہ معمول کی فلم تو تھی نہیں۔‘