’فینٹم کی نمائش رکوانے والے خود اپنے گریبان میں جھانکیں‘

بالی وڈ کے ہدایت کار کبیر خان نے کہا ہے کہ ان کی فلم ’فینٹم‘ کی پاکستان میں نمائش رکوانے کی درخواست دینے والوں کو خود اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔
28 اگست کو ریلیز ہونے والی یہ فلم ممبئی میں سنہ 2008 میں ہونے والی دہشت گردی کی سلسلہ وار کارروائیوں کے تناظر میں بنائی گئی ہے۔
حال ہی میں پاکستانی مذہبی تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے پاکستان کے شہر لاہور کی عدالت میں اس فلم کی پاکستان میں نمائش کی اجازت نہ دیے جانے کی درخواست دائر کی ہے۔
بھارتی حکومت حافظ سعید کو نومبر 2008 کے ان ممبئی حملوں کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتی ہے۔
حافظ سعید کا کہنا ہے کہ اس فلم میں انھیں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اسی لیے پاکستان میں اسے نمائش کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
اس سلسلے میں ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کبیر خان نے کہا کہ ’ میرا مشورہ ہے کہ پہلے حافظ سعید خود اپنے آپ کو دیکھ لیں پھر دوسروں کو نصیحت کریں۔‘

،تصویر کا ذریعہUTV
فلم کے ہیرو سیف علی خان نے بھی اس موقع پر کہا کہ ’میں جانتا تھا کہ اس فلم پر پاکستان میں پابندی لگ سکتی ہے اور اس اپیل پر مجھے کوئی حیرت نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی پاکستان میں حساس مسائل یا پاکستان کے بارے میں بننے والی فلموں پابندی لگتی رہی ہے۔‘
حافظ سعید کا ذکر کرتے ہوئے سیف نے کہا کہ ’26/11 کے بعد سب جانتے ہیں کہ اس واقعہ کا کون ذمہ دار ہے اور اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔. ساتھ ہی، ہم سب کو پتہ ہے کہ ہندوستان میں ایسا ماحول پیدا کرنے والوں میں سے بہت سے پاکستان میں رہتے ہیں اور یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سیف علی خان نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی حکومت اور سینسر بورڈ پہلے ایک بار اس فلم کو دیکھے گا اور پھر اس پر پابندی لگانے یا نہ لگانے کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔
خیال رہے کہ ماضی میں کبیر خان کی ایک اور فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ پر پاکستان میں پابندی لگ چکی ہے تاہم حال ہی میں ان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔







