لتا منگیشکر کا انگریزی گیت

لتا منگیشکر کو ان کے مداحوں نے انگریزی زبان میں گاناگاتے شاید ہی کبھی سنا ہو
،تصویر کا کیپشنلتا منگیشکر کو ان کے مداحوں نے انگریزی زبان میں گاناگاتے شاید ہی کبھی سنا ہو

بھارتی فلموں میں اپنی بہترین آواز کے لیے معروف گلوکارہ لتا منگیشکر اردو اور ہندی سمیت بر صغیر کی مختلف زبانوں میں نغمے گاتی رہی ہیں اور دنیا بھر کے شائقین محظوظ ہوتے رہے ہیں۔

لیکن لتا منگیشکر کو ان کے مداحوں نے انگریزی زبان میں گاناگاتے شاید ہی کبھی سنا ہو۔

تاہم ان کے مداحوں کی یہ خواہش اب جلد ہی پوری ہو سکتی ہے اور شائقین انگریزی زبان میں گائے ہوئے ان کے ایک گیت سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ حالانکہ ان کا یہ نغمہ نیا نہیں ہے۔

تقریباً تیس برس قبل انھوں نے کینیڈا میں اپنی ایک دوست کی فرمائش پر انگریزی میں ایک گیت گایا تھا جو انھیں کسی طرح دستیاب ہوا اور وہ انھوں نے اپنے مداحوں کے لیے پیش کیا ہے۔

لتا منگیشکر نے سنہ 1985 میں ایک کنسرٹ کے دوران انگریزی نغمہ ’یو نيڈیڈ می‘ (You Needed Me) گایا تھا۔

لتا منگیشکر کو سُروں کی ملکہ کہا جاتا ہے انھوں نے بر صغیر کی 30 مختلف زبانوں میں گیت گائے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنلتا منگیشکر کو سُروں کی ملکہ کہا جاتا ہے انھوں نے بر صغیر کی 30 مختلف زبانوں میں گیت گائے ہیں

اسی گیت کا لنک لتا نے اپنے فیس بک کے صفحے پر مداحوں کے لیے ڈالا ہے۔

انہوں نے لکھا ہے ’ہیلو، کچھ دنوں پہلے مجھے میرے 1985میں ٹورنٹو میں ہوئے ایک کنسرٹ کی ریکارڈنگ بھیجی گئی۔ اس میں مشہور کینیڈین گلوکارہ اینی مرے کی درخواست پر میں نے یہ گانا گایا تھا۔ یہ گانا میں آپ کو سنانا چاہتی ہوں۔ امید ہے کہ آپ کو پسند آئے گا۔‘

لتا منگیشکر کو سُروں کی ملکہ کہا جاتا ہے وہ مراٹھی ہیں لیکن انھوں نے بر صغیر کی 30 مختلف زبانوں میں گیت گائے ہیں۔

فلموں میں گائے گئے ان کے گیت کسی تعارف کے محتاج نہیں اور ان کے بہت سے گیت خاص و عام کی زبان پر رہتے ہیں۔ انھوں نے ہزاروں گيت گائے ہیں اور اس کے لیے انہیں بہت سے اعزازات سے نوازا گیا ہے۔

ان کی چھوٹی بہن آشا بھونسلے بھی فلم نگری کی زبردست گلوکارہ ہیں اور ان کی آواز بھی ایسی ہے کہ سینکڑوں نغمے شاید رہتی دنیا تک یاد رکھیں جائیں گے۔