سنجے دت کی چھٹیاں ختم، دیوالی جیل میں

چار ہفتوں کی چھٹی کے بعد سنجے دت پھر پونے کی يروڈا جیل کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ یعنی وہ دیوالی جیل میں ہی منائیں گے۔
سنجے دت کی بیوی مانیتا دت جیل کے دروازے تک ان کے ساتھ گئیں۔
اس سے پہلے 53 سالہ سنجے دت کوخرابیِ صحت کی بنیاد پر جیل انتظامیہ نے دو ہفتے کی چھٹی دی تھی بعد میں ان کی درخواست پر چھٹی پھر سے دو ہفتے کے لیے بڑھا دی گئی تھی۔
جیل روانہ ہونے سے پہلے سنجے دت نے صحافیوں سے کہا، ’میرے پاؤں کی تکلیف پوری طرح سے تو ٹھیک نہیں ہوئی لیکن اب میں پہلے میں کافی بہتر ہوں آپ سب کو دیوالی کی مبارکباد. آپ لوگ میرے لیے دعا کیجیے گا‘۔
جب سنجے دت میڈیا سے بات کر رہے تھے تو ان کے ساتھ بیوی مانیتا دت بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔
واضح رہے کہ سنجے دت مہاراشٹر کی یروڈا جیل میں غیر قانونی طور پر پستول اور رائفل رکھنے کے جرم میں 42 ماہ کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سنجے دت کو غیر قانونی ہتھیار رکھنے کا مجرم پایا تھا اور چھ سال کی سزا سنائی تھی جسے بعد میں سپریم کورٹ نے اسے کم کر کے پانچ سال کر دیا تھا۔
اس سے قبل وہ اپنی پانچ سال کی سزا میں سے 18 ماہ قید بھگت چکے ہیں اور بقیہ سزا وہ یروڈا جیل میں کاٹ رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سنجے دت نے ان حملہ آوروں سے غیر قانونی طور پر ہتھیار خریدے تھے جنہوں نے ممبئی میں سنہ 1993 میں دھماکے کیے تھے۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں 257 افراد ہلاک جبکہ 713 زخمی ہو گئے تھے۔
انہیں حملے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا لیکن وہ غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں قصوروار پائے گئے۔







