سنجے دت پونے کی یروڈا جیل میں قید

حوالگي کے وقت عدالت کے باہر زبردست میڈیا کی بھیڑ تھی اور مہیش بھٹ کے ساتھ ساتھ سنجے دت کی بیوی مائعنتہ بھی ساتھ تھیں
،تصویر کا کیپشنحوالگي کے وقت عدالت کے باہر زبردست میڈیا کی بھیڑ تھی اور مہیش بھٹ کے ساتھ ساتھ سنجے دت کی بیوی مائعنتہ بھی ساتھ تھیں

بھارت کے معروف اداکار سنجے دت نے جمعرات کو ممبئي کی ایک عدالت میں خود کو قانون کے حوالے کر دیا ہے جس کے بعد انہیں سزا پوری کرنے کے لیے پونے کی یرواڈا جیل میں قید کر دیا گيا ہے۔

سنجے دت کو غیر قانونی طور پر ایک پستول اور رائفل رکھنے کے جرم میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

وہ پہلے ہی اپنی اس سزا میں سے اٹھارہ ماہ قید کاٹ چکے ہیں اور باقی سزا وہ یرواڈا جیل میں کاٹیں گے۔

چند روز قبل سنجے دت نے عدالت سے کچھ مزید روز کی مہلت مانگی تھی تاکہ وہ اپنی بعض فلموں میں کام مکمل کروا سکیں مگر عدالت نے انہیں مہلت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

سنجے دت نے ان حملہ آورں سے غیر قانونی طور پر ہتھیار خریدے تھے جنہوں نے ممبئی میں سنہ انیس سو ترانوے میں دھماکے کیے تھے۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں 257 لوگ ہلاک جبکہ 713 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

انہیں حملے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا لیکن غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں وہ قصوروار پائے گئے۔

ایک ہندو باپ سنیل دت اور مسلمان ماں اداکارہ نرگس کی اولاد سنجے دت کا کہنا ہے کہ ان ہتھیاروں کا خریدنا ان کی خود کی حفاظت کے لیے بہت ضروری تھا خصوصاً ان حالات میں جو ایودھیا میں بابری مسجد کے انہدام کے نتیجے میں پیدا ہوئے تھے۔

سنجے دت نے منگل کو ٹاڈا کی عدالت میں کہا تھا کہ انہیں شدت پسند تنظیموں سے جان کا خطرہ ہے۔

سنجے دت نے اس سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست بھی داخل کی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اس پر غور کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

انہیں گزشتہ ماہ عدالت کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن سپریم کورٹ نے انہیں ایک ماہ کی مہلت دی تھی جو کہ 16 مئی کو ختم ہوگئي۔

ٹاڈا کی عدالت نے سنجے دت کو غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کا مجرم پایا تھا اور چھ سال کی سزا سنائی تھی جسے سپریم کورٹ نے کم کر کے پانچ سال کر دیا تھا۔