سپریم کورٹ نے سنجےدت کی اپیل مسترد کر دی

بھارتی اداکار سنجے دت کو پونے کی یرواڈا جیل منقل کر دیا گیا ہے۔
،تصویر کا کیپشنبھارتی اداکار سنجے دت کو پونے کی یرواڈا جیل منقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ نے بالی وڈ کے اداکار سنجے دت کی اس اپیل کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے پانچ برس کی سزا کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔

سنجے دت کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں سپریم کورٹ نے پانچ برس قید کی سزا سنائي تھی جو وہ پونے کی یرواڈا جیل میں کاٹ رہے ہیں۔

انہوں نے سپریم کورٹ میں ایک خاص درخواست داخل کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے لیکن سپریم کورٹ نے اسے مسترد کر دیا۔

اب اس کیس میں سنجے دت کے لیے تمام طرح کی عدالتی چارہ جوئی کے راستے بند ہوچکے ہیں اور آخری راستہ ریاستی گورنرکی معافی کا بچتا ہے۔

سنجے دت کو غیر قانونی طور پر بندوق اور پستول خریدنے کے جرم میں سزا ہوئی تھی جس میں سے اٹھارہ ماہ کی قید وہ پہلے ہی کاٹ چکے تھے اور پونے کی یرواڈا جیل میں بھی انہیں دو ماہ سے زيادہ کا وقت ہوچکا ہے۔

سنجے دت نے ان حملہ آورں سے غیر قانونی طور پر ہتھیار خریدے تھے جنہوں نے ممبئی میں سنہ انیس سو ترانوے میں دھماکے کیے تھے۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں 257 افراد ہلاک جبکہ 713 زخمی ہو گئے تھے۔

انہیں حملے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا لیکن غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں وہ قصوروار پائے گئے۔

ٹاڈا کی عدالت نے سنجے دت کو غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کا مجرم پایا تھا اور چھ سال کی سزا سنائی تھی جسے سپریم کورٹ نے کم کر کے پانچ سال کر دیا تھا۔

سنجے دت کو گزشتہ ہفتے ممبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت کی اجازت کے بعد سنجے دت کو جیل میں ادویات اور گھر کے پکے کھانے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے اپنی فلمیں مکمل کرنے کے لیے عدالت سے مہلت مانگی تھی جیسے مسترد کر دیا گیا۔

53 سالہ اداکار کو جیل میں کپڑے، جوتے، تکیے اور ٹوتھ پیسٹ کے ساتھ مذہبی کتابیں بھی لے جانے کی اجازت ملی ہے جبکہ عدالت نے الیکٹرانک سگریٹ لے جانے کی اجازت نہ دیتے ہوئے انہیں سگریٹ نوشی ترک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

سنجے دت نے ٹاڈا کی عدالت میں کہا تھا کہ انہیں شدت پسند تنظیموں سے جان کا خطرہ ہے۔

انہوں نے اس سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست بھی داخل کی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اس پر غور کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

انہیں گزشتہ ماہ عدالت کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن سپریم کورٹ نے انہیں ایک ماہ کی مہلت دی تھی جو کہ 16 مئی کو ختم ہوگئي۔

.