سنجے دت جیل میں کاغذ کے لفافے بنائیں گے

بھارتی فلم انڈسٹری بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت اپنی سزا کے دوران یروڈا جیل میں کاغذ کے لفافے یا پیپر بیگ بنائیں گے۔
جیل کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ سنجے دت کو جیل میں ’کاغذ کے لفافے‘ بنانے کی تربیت دی جائے گی۔
سنجے دت کی جیل میں موجودہ آمدنی ابھی صرف 25 روپے روزانہ ہے۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد انھیں کاغذ کے لفافے بنا نے کے لیے 40 سے 45 روپے روزانہ مل سکیں گے۔
خیال رہے کہ بھارت کی جیل میں قیدیوں سے کچھ نہ کچھ کام لیا جاتا ہے اور اس کے عوض ان کو ان کے کام کی روزانہ کی بنیاد پر اجرت دی جاتی ہے۔
بھارت کے بعض حلقوں میں سنجے دت سے متعلق یہ قیاس آریاں ہو رہی تھیں کہ آخر جیل میں ان سے کیا کام لیا جائے گا؟۔
16 مئی کو خود سپردگی کے بعد سنجے دت کو پہلے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں رکھا گیا تھا اور پھر انہیں پونے کی يروڈا جیل میں منتقل کر دیا گیا تھا۔
بھارت کی عدالت عظمیٰ نے سنجے دت کو سنہ 1993 میں ممبئی میں ہونے والے بم دھماکوں کے دوران غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے پر 21 مارچ کو پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی اور وہ اپنی اسی سزا کو پونے کی یروڈا جیل میں کاٹ رہے ہیں۔
خود سپردگی کے بعد سے دہشت گردی سے متعلق عدالت ٹاڈا کورٹ کے حکم کے مطابق سنجے کے لیے کھانا گھر سے ہی آتا رہا ہے لیکن جیل حکام نے 28 مئی کو ٹاڈا عدالت میں یہ درخواست دی ہے کہ ایسا کرنا جیل گائیڈ کی خلاف ورزی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جیل کے دستور کے مطابق قیدیوں کو جیل کے باورچی خانے میں بنا کھانا ہی دیا جانا ہے۔
يروڈا جیل کی درخواست پر عدالت نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں دیا ہے۔







