انوشکا شرما کی دوران حمل یوگا کرتی تصویر پر سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل: ’یہ غلط ہے اس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یوگا ایک سکون آور جسمانی ورزش ہے اور دنیا بھر میں خود کو فٹ رہنے کا یہ طریقہ خاصا مقبول ہے لیکن چند دن پہلے بالی وڈ سٹار انوشکا شرما نے جب اپنے انسٹاگرام پر اپنی یوگا کرتی ایک تصویر کو شیئر کیا تو انھیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور اس تنقید کی ایک وجہ شاید انوشکا کا حاملہ ہونے کے باوجود یوگا کرنا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے دوران حمل اتنی مشکل ورزش کرنے پر نہ صرف سوال اٹھائے بلکہ انوشکا کو نت نئے مشورے بھی سُننا پڑے۔ شیئر ہونے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انوشکا سر کے بل الٹی دیوار کے ساتھ لگی ہیں جبکہ ورات کوہلی ان کی ٹانگوں کو سہارا دیے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ انوشکا شرما اور ان کے شوہر ورات کوہلی کے ہاں جنوری میں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے اور اس وجہ سے بھی یہ جوڑا آج کل شہ سرخیوں میں ہے۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس ورزش کی وضاحت کرتے ہوئے انوشکا کا کہنا تھا کہ یہ ورزش (سر کے بل الٹا ہونا) سب سے مشکل ہے۔ 'کیونکہ یوگا کرنا میری زندگی کا ایک بڑا حصہ ہے اس لیے میرے ڈاکٹر نے تجویز کیا ہے کہ میں وہ ورزشیں کر سکتی ہوں (حاملہ ہونے کی مخصوص مدت کے بعد) جو کہ میں حاملہ ہونے سے پہلے کر رہی تھی۔ انھوں نے کہا تاہم میں ایسا مناسب اور ضروری سپورٹ کے ساتھ ہی کر سکتی ہوں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Instagram کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Instagram ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
Instagram پوسٹ کا اختتام
ایک صارف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے خیال سے یہ غلط ہے اس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘
صہیب ابراہیم نامی صارف نے لکھا: ’حمل کے دوران یہ ورزش ٹھیک نہیں۔ یہ دوسروں کے لیے متاثر کن نہیں۔ پلیز اپنے حمل کے دوران ایسی ورزش نہ کریں۔‘
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک اور صارف نے لکھا: ’یہ بے وقوفی ہے۔ امید ہے کہ کوئی بھی اس سیلیبرٹی ٹرینڈ کی پیروی نہیں کرے گا۔‘
ایک ٹوئٹر صارف نے انوشکا کی یوگا کرتی تصویر پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اس کے لیے بہت زیادہ طاقت کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
انھوں نے لکھا: ’مجھے نہیں معلوم کہ یہ حاملہ خواتین کے لیے محفوظ ہے یا نہیں؟ میرے خیال میں اس میں خطرہ ہے۔‘
انسٹا گرام پر انوشکا کی اس تصویر کے نیچے ایک صارف نے انوشکا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس کی کیا ضرورت تھی؟ شاید آپ ایسا کر سکتی ہیں لیکن اس کو پوسٹ کرنے کی منطق کیا ہے۔ آپ کے بہت سے فالوورز کے پاس آپ جیسی ٹیم نہیں ہو گی اور وہ آپ کی اندھی پیروی میں اپنا نقصان کر بیٹھیں گے۔‘
ارم خان نامی صارف نے لکھا کہ ’باپ رے ایسی کوئی چیز پہلے نہیں دیکھی‘ جبکہ پلوی پرکھاش نے لکھا: ’یہ ڈراؤنا ہے پلیز اس وقت کے دوران ایسا نہ کریں۔‘

،تصویر کا ذریعہInstagram
حمل کے دوران خواتین کو خوراک اور ورزش کے متعلق کئی مفت مشورے سننے کو ملتے ہیں، جن میں سے اکثر غلط فہمی پر مبنی ہوتے ہیں۔
بی بی سی نے اسلام آباد میں واقع خواتین کے لیے مخصوص ایک ایسے جم کا دورہ کیا تھا جہاں حاملہ خواتین کے لیے یوگا کی خصوصی کلاس منعقد کی جاتی ہے۔
اس بارے میں کہ آیا ورزش کرنے سے حمل گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے کے بارے میں ماہرین کی رائے یہی ہے کہ اسقاط حمل کسی مخصوص حالت میں ہی ہوتا ہے اور پہلی سہہ ماہی میں ورزش نہ ہی کریں تو بہتر ہے۔ اس پر آپ کے معالج کا مشورہ ہی درست مانا جائے گا۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آپ نے پہلے کبھی ورزش نہیں کی تو حمل کے دوران بھی نہ شروع کریں۔
ماہرین کے مطابق حمل کے دوران پیٹ کی سخت ورزش نہ کریں لیکن جسم کو حرکت میں رکھنا ضروری ہے، اس کے لیے سٹریچ اور چہل قدمی ضرور کریں۔ اسی بارے میں مزید جاننے کے لیے ہماری یہ ڈیجیٹل ویڈیو دیکھیے جسے پہلی بار 16 مارچ 2019 کو شائع کیا گیا تھا۔











