لوگ ’موٹی‘ کہتے ہیں تو برا نہیں لگتا: ودیابالن

رنبیر کپور اپنی والدہ اداکارہ نیتو سنگھ کے ساتھ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبالی وڈ اداکار رنبیر کپور اپنی والدہ اور اداکارہ نیتو سنگھ کے ساتھ
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بالی وڈ کے اداکار رنبیر کپور آج کل ’سنگل‘ ہیں اور سنا ہے ان کی ممی ان کے لیے لڑکیاں تلاش کر رہی ہیں۔

لگتا ہے دپیکا اور قطرینہ کے تجربے کے بعد اب نیتو ماں اپنے بچے کے لیے انڈسٹری سے باہر کی دلہن بیاہ کر لانے کی کوشش میں ہیں اور آج کل ہر وقت رنبیر کی شادی کی بات کرتی ہیں۔

حال ہی میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ رنبیرکی تصاویر پر سوشل میڈیا پر جو ہنگامہ ہوا تھا اس کے بعد سے نیتو سنگھ چاہتی ہیں کہ ان کے بیٹے کا گھر جلد از جلد بس جائے اور کیوں نہ ہو رنبیر بھی تو کنٹرورسیز کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔

یہ بھی پڑھیں

ان کے کام سے زیادہ ان کی ذاتی زندگی سرخیوں میں رہتی ہے۔ فی الحال رنبیر کپور سنجے دت کی بائیو پک میں مصروف ہیں جس میں وہ سنجے دت کا کردار نبھا رہے ہیں۔ اب دیکھنا ہے کہ کپور خاندان میں شہنائی کب سنائی دیتی ہے۔

ظاہری خوبصورتی پر فریفتہ!

ودیا بالن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنودیا بالن کی فلم 'تمہاری سولو' میں اداکاری کے لیے تعریف ہو رہی ہے

ودیا بالن کا کہنا ہے کہ آجکل لوگ جسمانی خوبصورتی پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں اور انھیں لگتا ہے کہ ظاہری خوبصورتی زیادہ معنی رکھتی ہے۔

ودیا بالن کہتی ہیں کہ جب لوگ انھیں ’موٹی‘ کہتے ہیں تو انھیں برا نہیں لگتا لیکن جب لوگ ان کے جسم پر باقاعدہ تبصرہ کرتے ہیں تو انھیں برا لگتا ہے۔

ودیا بالن کی ’فلم تمہاری سولو‘ گذشتہ ہفتے ہی ریلیز ہوئی ہے جس میں انھوں نے ایک ہاؤس وائف کا کردار نبھایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فلم میں ودیا کے بڑھے ہوئے وزن پر میڈیا اور سوشل میڈیا میں کافی باتیں ہوئی ہیں۔ حالانکہ فلم کی کافی ستائش ہوئی ہے اور خاص طور پر ودیا کی اداکاری کو بے مثال کہا جا رہا ہے۔

یہاں سوال یہ ہے کہ کیا کسی عورت کا ٹیلنٹ یا اس کی کامیابی اس کے جسم کی محتاج ہوتی ہے؟ لوگ اچھے اور خوبصورت ذہن کی بات کیوں نہیں کرتے؟ شاید اس لیے کیونکہ ذہن بکتا نہیں چلتا ہے۔ اور بالی وڈ میں جو چلتا ہے وہی بکتا ہے۔

کپل شرما کا پدماوتی پر بولنے سے پرہیز

کپل شرما

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنکپل شرما اپنی دوسری فلم سے قبل کوئی متنازع بیان نہیں دینا چاہتے ہیں

ایک کامیڈی شو کے ساتھ اپنے کرئیر کا آغاز کرنے والے کپل شرما انڈیا کے سب سے کامیاب کامیڈین میں شمار ہوتے ہیں۔

کامیڈی کے بعد کپل نے اداکاری میں بھی ہاتھ آزمانے کا فیصلہ کیا اور فلم ’کس کس کو پیار کروں‘ سے ڈیبیو کیا۔

عباس مستان کی اس فلم نے اچھی کمائی کی اب رواں ہفتے کپل کی دوسری فلم ’فرنگی‘ آئی ہے فلم کو اچھا رسپانس مل رہا ہے۔

اس دوران ’پدما وتی‘ کا موضوع زوروں پر ہے ایسے میں بی بی سی کے ساتھ بات چیت میں جب کپل شرما سے اس بارے میں بات کی تو کپل کا کہنا تھا کہ ’میں کچھ نہ ہی بولوں تو اچھا ہے۔ ‘

ماضی میں کپل اپنے کئی سیاسی بیانات کے سبب تنازع میں پھنس چکے ہیں لگتا ہے کہ اب وہ کوئی نیا جوکھم اٹھانے کے موڈ میں نہیں ہیں خاص طور پر ایسے وقت میں جب انکی فلم سنیما حال میں ہے۔