’پدماوتی‘ کے لیے دیپیکا کی جان کو خطرہ؟

فلم پدماوتی

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشنپدماوتی رلیز سے پہلے ہی تنازعات میں گھر گئی ہے۔

بالی وڈ ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کی نئی فلم پدماوتی ریلیز ہونے سے پہلے ہی، بلکہ فلمائے جانے کے دوران ہی، متنازعہ بن گئی تھی۔ فلم راجپوت رانی پدماوتی کے بارے میں ہے، اور راجپوت برادری کی تنظیم کرنی سینا نے اس فلم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں رانی پدماوتی کی غلط عکاسی کی گئی ہے۔

،ویڈیو کیپشنرانی پدماوتی حقیقت یا افسانہ؟

دلچسپ بات یہ ہے کہ تاریخ دان اس بات پر متفق ہیں کہ رانی پدماوتی دراصل ایک صوفی شاعر کے تخیل کا نتیجہ ہیں، اور بہت ممکن ہے کہ وہ درحقیقت کبھی وجود میں تھیں ہی نہیں۔

پدماوتی

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشنایک ٹھاکر لیڈر نے فلم کے ہدایت کار اور مرکزی اداکارہ کے قتل کے لیے پانچ کروڑ انعام کا اعلان کیا ہے۔

خیر خیالی رانی پدماوتی کی عزت کے خود ساختہ محافظوں نے جب ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اور اداکارہ دیپیکا پادوکون کو جان سے مارنے کی دھمکی، دیپیکا پادوکون کی ناک کاٹنے کی دھمکی، اور پھر دونوں کے قتل پر پانچ کروڑ انعام کا اعلان کیا تو ٹوئٹر پر بھی ایک جنگ چھڑ گئی۔

بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا نے لکھا کہ ’وہ لوگ جو دیپیکا پادوکون کو دھمکیاں دے رہے ہیں انہیں جیل میں ڈال دینا چاہیے۔ اس طرح کے لوگ اپنی گندی سیاست کے لیے ہمیشے فلم انڈسٹری جیسے ساف ٹارگیٹس کا انتخاب کرتے ہیں اور وہ ہر بار صاف بچ نکلتے ہیں۔ ہر بار!‘

دیا مرزا

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشندیا مرزا نے دھمکی دینے والوں پر تنقید کی۔

اسی طرح مصنف منہاز مرچنٹ نے لکھا، ’کرنی سینا کی پرتشدد دھمکی کے بعد اس کے رہنماؤں کو اب تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟‘

منہاز مرچنٹ

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشنمنہاز مرچنٹ ایک مصنف ہیں۔

اداکارہ مانوی گگرو نے ناک کاٹنے کی دھمکی کے حوالے سے ٹویٹ کیا، ’تو اب ایک خیالی ہندو عورت کی عزت کے لیے ایک جیتی جاگتی ہندو عورت کو ایک ہندو مقدس کتاب میں درج بےعزتی کی دھمکی دی جا رہی ہے؟!‘

مانوی گگرو

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشنزندہ ہندو عورت سے زیادہ اہمیت خیالی ہندو عورت کو؟

ارینا اکبر نے فلم کے دوسرے بڑے کردار علاؤالدین خلجی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، 'کیا مسلمانوں کو بھی ریلیز سے پہلے فلم دیکھنے کا مطالبہ کرنا چاہیے؟ راجپوت دیکھنا چاہتے ہیں کہ کہیں ان کی راجپوت رانی کی بےحرمتی تو نہیں ہوئی۔ مسلمانوں کو بھی دیکھنا چاہیے کہ کہیں اُن کے مسلمان بادشاہ کی بےعزتی تو نہیں کی گئی۔ سمجھ تو یہی کہتی ہے، نہیں؟‘

ارینا اکبر

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشنارینا اکبر نے علاؤالدین خلجی کی عکاسی کی طرف توجہ دلائی۔

ساتھ ہی کرنی سینا کی حمایت اور بھنسالی کے خلاف بھی کئی لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ٹوئٹر صارف سشما سنگھ نے کہا کہ ’ہم تشدد کے خلاف ہیں لیکن بھنسالی نے راجپوت راج گھرانوں اور کرنی سینا سے وعدہ کیا تھا کہ ریلیز سے پہلے ان کو فلم دکھائی جائے گی۔ اب وہ ایسا کیوں نہیں کر رہے؟ بات صاف ہے، مشہوری کے لیے ان کے جذبات سے کھیل کر اس طرح کی اوچھی حرکتیں کر رہے ہیں۔‘

سشما سنگھ

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشنکیا بات صرف فلم کی مشہوری کی ہے؟

سوشل میڈیا پر بحث کے ساتھ ساتھ آج چتوڑگڑھ میں فلم کے خلاف احتجاج بھی ہوا۔