شادی شدہ جوڑے کی تصویر اصلی یا بناوٹی؟

ڈرون سے لی جانے والی ایک تصویر

،تصویر کا ذریعہBRANDON LI

،تصویر کا کیپشنڈرون سے لی جانے والی ایک تصویر

امریکی ہدایتکار برینڈن لی نے ہانگ کانگ کی ایک عمارت کی چھت پر ایک نئے شادی شدہ جوڑے کی ڈرون سےاتفاقا لی جانے والی تصویر کو 'لکی کیچ' سے تعبیر کیا ہے۔

در اصل ہدایت کارغروب ہوتے ہوئے سورج کی تصویر کشی کرنا چاہتے تھے لیکن بیٹری کم ہو جانے کے سبب انھوں نے کیمرے کا منھ زمین کی طرف کر دیا۔

انھوں نے ایسا کوئی منظر اس وقت تک نہیں دیکھا تھا جب تک کہ انھوں نے فوٹیج کو نہیں دیکھا۔

مسٹر لی نے بی بی سی کو بتایا: 'میں اپنے ایک دوست کے ساتھ غروب کے وقت سورج کی فلمبندی کی کوشش کر رہا تھا کہ ڈرون کی بیٹری کم ہونے لگی اور ہم نے اسے گھر واپس لانے کے دوران کیمرے کا منھ نیچے کر دیا اور ہم نے سوچا کہ کیمرے کو چلتا رہنے دیں۔

'ہمیں اس وقت تک کوئی بھی دلچسپ چیز نظر نہیں آئی جب تک کہ فوٹیج کو دیکھتے ہوئے ہماری نظر ایک سرسبز چھت پر نہیں گئی۔'

مسٹر لی کی پرورش امریکہ میں ہوئی ہے لیکن ان کی فیملی ہانگ کانگ میں رہتی ہے۔ انھوں نے اس کے بعد اس تصویر کو اپنے فیس بک پر اس امید کے ساتھ پوسٹ کی کہ کہیں ان کا کوئی دوست اس نئے جوڑے کو جانتا ہو۔

انھوں نے کہا کہ اس کے بعد سے یہ تصویر گردش کرنے لگی۔

ان کے خیال میں تصویر میں ہانگ کانگ کا جے ریزیڈنس ہے اور ان کے مطابق یہ کسی بھی طرح پہلے سے تیار کی ہوئی یا بناوٹی تصویر نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ 'بہت سے افراد یہ سوچتے ہیں کہ ہم نے یہ تصویر تیاری کے ساتھ لی ہے۔ میں ایک فلم ساز ہوں کوئی شادی کا فوٹوگرافر نہیں اس لیے مجھے اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ یہ بس قسمت سے مجھے مل گئی۔'

یہ تصویر ہانگ کانگ میں ڈرون سے لی گئی ہے

،تصویر کا ذریعہBRANDON LI

،تصویر کا کیپشناصل تصویر دو دیگر افراد بھی تھے جنھیں ایئر برش سے ہٹایا گیا ہے

لیکن انھوں نے اصل تصویر کے ساتھ کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔

اصل تصویر میں جوڑے کے پاؤں کے پاس دو افراد کھڑے تھے جو بظاہر فوٹو گرافر ہوں گے اور مسٹر لی نے ایئر برش سے ان دو افراد کو تصویر سے غائب کر دیا ہے۔

تصویر میں ایک کنارے پر کوئی شخص لیٹا ہوا ہے جسے بعد کی تصویر سے نہیں ہٹایا گيا ہے۔

مسٹر لی نے بتایا کہ انھوں نے تصویر میں رنگوں کو بھی کچھ حد تک درست کیا ہے۔

ابھی تک اس جوڑے کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ اصل زندگی میں وہ شادی شدہ جوڑا نہ ہوں۔ بہر حال مسٹر لی نے عمارت کی انتظامیہ سے اس بارے میں دریافت کیا ہے لیکن انھیں ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

اگر یہ تصویر کسی شادی کی البم میں شامل نہ بھی تاہم یہ ہانگ کانگ میں زندگی کا ایک عظیم استعارہ ہے۔

انھوں نے کہا: 'آپ عام طورپر ہانگ کانگ کی سپاٹ تصویر دیکھتے ہیں جو بھیڑ سے پر ہے اور بھوری نظر آتی ہے اور پھر اس میں آپ کو یہ دو افراد نظر آتے ہیں جو کچھ بہت اچھا اور خوشی سے بھرپور کام کر رہے ہیں۔ جیسے وہ اس شہر میں اپنی خوشی کو ایک نخلستان بنا رہے ہیں۔'