BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: 08 February, 2008 - Published 18:48 GMT
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
انتخابی تشدد میں چار ہلاک

مسلم لیگ ق کا اشتہار
پہلے ہی مسلم لیگ ق کی طرف سے دیے گئے اشتہار پر کافی تناؤ پیدا ہو گیا تھا
سندھ میں انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی تنظیموں میں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور گزشتہ دو روز میں چار سیاسی کارکن ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان کارکنان میں سے تین کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے۔ یہ تصادم دادو، نوابشاہ اور کراچی میں ہوئے ہیں۔

دادو میں جمعہ کی شام سابق وفاقی وزیر لیاقت جتوئی کے فرزند اور ضلعی ناظم دادا کریم جتوئی اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے کہ جتوئی سنیما چوک پر پیپلز پارٹی کی انتخابی کیمپ پر بیٹھے ہوئے لوگوں نے نعرے بازی شروع کر دی۔ اس کے بعد دونوں فریقین کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس میں ایک پی پی پی کارکن شاجہاں قریشی ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو صحافی بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد شہر کے بازار بند ہوگئے اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد مظاہرے کے لیے جمع ہوگئی۔ پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کرکے انہیں منتشر کیا۔

دادو کے صوبائی حلقے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار پیر مظہرالحق نے الزام لگایا ہے کہ ان کے کارکن کیمپ پر جیئے بھٹو کے نعرے لگا رہے تھے کہ کریم جتوئی نے، جو اپنے والد کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں، اپنے محافظوں کو حکم دیا کہ ان پر فائرنگ کرو۔

ضلعی ناظم کریم جتوئی کا کہنا ہے کہ وہ شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے کہ کیمپ سے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ وہ والد کی انتخابی مہم چلانے نہیں بلکہ دعوت میں شریک ہونے گئے تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئرپرسن آصف علی زرداری بھی جمعہ کے روز دادو میں تھے اور انہوں نے شہباز قلندر کی درگاہ پر حاضری دی اور سید مراد علی شاہ سے ان کے والد سابق وزیرِ اعلیٰ سید عبداللہ شاہ کی وفات پر تعزیت کی۔

دوسری جانب آصف علی زرداری کے آبائی ضلع نوابشاہ کے علاقے حمل لغاری گوٹھ میں بھی مسلم لیگ ق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم ہوا ہے، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کورنگ امیدوار غلام شاہ لغاری کے بھائی عبدالرشید لغاری اور مسلم لیگ ق کے کارکن رضا خاصخیلی ہلاک ہوگئے۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر پہلے جھگڑا شروع کرنے کا الزام عائد کر رہی ہیں۔

کراچی میں تشدد
کراچی میں انتخابات سے پہلے تشدد شروع ہو گیا ہے

اس سے قبل گزشتہ شب کراچی کے علاقے خمیسو گوٹھ میں پوسٹر پھاڑنے کے معاملے پر دو سیاسی جماعتوں میں تصادم ہوگیا جس میں فائرنگ کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کا ایک رکن محمد بشیر ہلاک ہوگیا۔

مسلم لیگ ق کی مشکل

سندھ میں حکمران مسلم لیگ کو الیکشن مہم چلانےمیں سخت دشواری کا سامنا ہے اور مختلف شہروں میں جلسے جلوسوں کے دوران سخت عوامی رد عمل دیکھنے میں آیا ہے۔

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی ہلاکت کے بعد سندھ میں تمام ہی سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیاں معطل ہوگئی تھیں۔ اب جب سیاسی جماعتوں نے دوبارہ انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے تو ابتدا سے ہی سب سیاسی جماعتوں خاص طور پر مسلم لیگ ق کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس رد عمل کا نشانہ زیادہ تر وہ رہنما بن رہے ہیں جو بیظیر بھٹو یا ان کے شوہر کو تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔

اندرون سندھ شکارپور ضلع میں سب سے پہلے عوامی رد عمل دیکھنے میں آیا جہاں سابق وفاقی وزیر غوث بخش مہر کو جیئے بھٹو کے نعرے لگاتے ہوئے نوجوانوں نے گھیر لیا۔ نوجوانوں کو منشتر کرنے کے لیے غوث بخش مہر کے محافظوں کو ہوائی فائرنگ کا سہارا لینا پڑا۔

شکارپور کے ضلعی ناظم غوث بخش مہر کے بیٹے عارف مہر ہیں اور ان کی مہر برادری کی بھی بڑی اکثریت یہاں آباد ہے۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی بھی منتخب ہوچکے ہیں۔

دادو ضلع میں جب وفاقی وزیر لیاقت جتوئی ایک ریلی کے ساتھ جوھی شہر سے گذر رہے تھے تو مشتعل افراد کے ایک گروہ نے ریلی پر پتھراؤ کیا اور معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔

شہداد کوٹ ضلع کے شہر عرضی بھٹو میں نامعلوم افراد نے بینظیر بھٹو کی تصویر پھاڑ دی جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن مشتعل ہوگئے اور مسلم لیگ فنکشنل کے دفتر پر توڑپھوڑ کی گئی۔

اس طرح لاڑکانہ ضلع کاؤنسل کے اجلاس میں مسلم لیگ کے ایک رکن بابو سرور کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئرمین آصف علی زرداری پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر اراکین ضلعی کاؤنسل گتھم گتھام ہوگئے اور اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد