سری لنکا کے کرکٹر پر خاتون کا ریپ اور گلا دبانے کا الزام

دانوشکا گوناتھیلاکا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشندانوشکا گوناتھیلاکا نے کسی بھی طرح کے تشدد یا خاتون کی رضامندی نہ ہونے سے انکار کیا

آسٹریلیا کی پولیس نے سری لنکا کے کرکٹر دانشکا گناتھیالکا پر الزام عائد کیا ہے کہ اُنھوں نے ایک عورت کے ریپ کے دوران عورت کا گلا اس زور سے دبایا کہ اُنھیں اپنی زندگی خطرے میں محسوس ہونے لگی۔

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی سری لنکا کی ٹیم کا حصہ دانشکا گناتھیالکا کو اتوار کے روز سڈنی میں حراست میں لیا گیا تھا۔ پیر کے روز عدالت نے سری لنکن کرکٹر کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

 عدالتی دستاویزات میں الزام لگایا گیا ہے کہ دانشکا گناتھیالکا پر ریپ کے چار الزامات عائد ہیں۔ ان پر خاتون کے ساتھ سیکس کے دوران کنڈوم اتارنے کا الزام بھی ہے۔

پولیس کے ساتھ انٹرویو میں سری لنکن کرکٹر نے خاتون پر کسی بھی طرح کے تشدد یا خاتون کی رضامندی کے بغیر سیکس کے الزام سے انکار کیا ہے۔

عدالت نے سری لنکن کرکٹر کی ضمانت کی درخواست اس خدشے کی بنا پر مسترد کر دی تھی کہ وہ آسٹریلیا سے فرار ہو سکتے ہیں۔

عدالت نے ان دستاویزات کی رپورٹنگ پر پابندی ختم کر دی ہے جن پر پولیس ملزم کی ضمانت کے لیے انحصار کر رہی تھی۔

پولیس کی جانب سے عدالت کو دیے گئے بیان کے مطابق دانشکا گناتھیالکا کا اور 29 سالہ شکایت کنندہ، جن کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی، 29 اکتوبر کو ڈیٹنگ سائٹ ٹنڈر پر ملے اور دونوں نے 2 نومبر کو سڈنی میں ملاقات طے کی۔

مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

 سری لنکن کرکٹر پر ریپ کا الزام لگانے والی خاتون گھر جانے سے پہلے دونوں مشروبات اور رات کے کھانے کے لیے باہر گئے۔

سری لنکن کرکٹر پر الزام ہے کہ اُنھوں نے خاتون کے ساتھ سیکس کے دوران مبینہ طور پر تین بار ان کے گلے پر پوری طاقت سے ہاتھ رکھا اور ایک بار اُنھوں نے 30 سیکنڈ تک ان کا گلا دبائے رکھا۔

دستاویز میں یہ بھی کہا گیا کہ اس دوران خاتون نے فرش پر کنڈوم بھی پڑا دیکھا اور بار بار کہنے کے باوجود بھی دانشکا گناتھیالکا نے کونڈم نہیں پہنا۔ پولیس کے مطابق خاتون کو جان کا خطرہ محسوس ہو رہا تھا لیکن وہ ملزم سے بچ نہیں سکتی تھیں‘۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے ’واضح طور پر‘ کنڈوم کے بغیر یا دم گھوٹنے والے سیکس کے لیے رضامندی ظاہر نہیں کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے اگلے دن شکایت کرنے والی خاتون نے اس بارے میں اپنے دو دوستوں کو بتایا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا تھا۔ اُنھوں نے ایک کونسلنگ سروس سے بات کی اور پولیس سے رابطہ کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے بھی رابطہ کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد اُنھوں نے ہسپتال میں جنسی زیادتی کا فارنزک معائنہ کروایا اور ان کا دماغی سکین بھی کیا گیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مبینہ طور پر بار بار دم گھٹنے کے نتیجے میں ان کے دماغ کو تو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

پولیس کے ساتھ ایک انٹرویو میں دانشکا گناتھیالکا نے کسی بھی طرح کے تشدد سے انکار کیا اور کہا کہ جنسی تعلق رضامندی سے قائم کیا گیا تھا، لیکن وہ خاتون کے ساتھ رضامندی کے بارے ہونے والی بات چیت کو یاد نہیں کر سکے۔

 نیو ساؤتھ ویلز میں جہاں مبینہ واقعہ پیش آیا ہے نئے ’ٹھوس رضامندی‘ کے قوانین کے تحت ایک انسان کو جنسی تعلقات کے لیے اپنی رضامندی ظاہر کرنے کے لیے کچھ کہنا یا کرنا ہوتا ہے۔

جون میں نافذ ہونے والی اصلاحات کے تحت سیکس کے دوران بغیر اجازت کونڈم اتارنا بھی جنسی حملے کے مترادف ہوتا ہے۔ سری لنکا کرکٹ نے دانشکا گناتھیالکا کو ہر قسم کے کھیل سے معطل کر دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے اپنا پینل مقرر کر دیا ہے۔