اسلام آباد: کمسن لڑکی کے ریپ کے الزام میں چینی کمپنی کا مالک گرفتار

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے کمسن بچی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے اور اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنی کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے یہ مقدمہ متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں درج کیا ہے۔ اسلام آباد کے تھانہ کورال میں درج ہونے والے مقدمے میں متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ وہ نویں کلاس کی طالبہ ہے اور گھریلو حالات کی وجہ سے غوری ٹاون میں ایک چینی کمپنی کے دفتر میں کام کرتی تھی۔
متاثرہ لڑکی کے بیان کے مطابق یہ کمپنی دفاتر اور گھروں میں سکیورٹی کیمرے لگانے کا کاروبار کرتی ہے۔ متاثرہ لڑکی کے مطابق اس کو ماہانہ پندرہ ہزار روپے تنخواہ ملتی تھی۔
تھانہ کورال میں درج ہونے والے مقدمے میں متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ اس کمپنی کے مالک نے اس سال جنوری سے ہی اسے جنسی تنشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا اور متاثرہ لڑکی کے بقول ملزم نے اسے ریپ کرنے کے ساتھ ساتھ اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دینا شروع کر دیں کہ اگر اس نے اس بارے میں کسی کو بتایا تو یہ اس کے لیے اچھا نہیں ہو گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس عرصے کے دوران اس کی طبعیت خراب رہنے لگی لیکن ملزم کی طرف سے سنگین تنائج کی دھمکیوں کے پیش نظر اس نے اپنے گھر والوں کو بھی نہیں بتایا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس مقدمے میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ جب متاثرہ لڑکی کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی تو اس کی بڑی بہن اسے لے کر ہسپتال چلی گئی جہاں پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی 31 ہفتوں کی حاملہ ہے۔
اس مقدمے کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے اس سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کر کے اس کا جسمانی ریمانڈ لینے کی استدعا کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ چونکہ ملزم کا ڈی این اے کروانا ہے اس لیے اس کا جسمانی ریمانڈ بہت ضروری ہے۔













