انڈونیشیا: کشتی میں دھماکہ، جرمن سیاح ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں پولیس کے مطابق سیاحوں کی ایک کشتی میں دھماکے سے ایک جرمن سیاح ہلاک اور 14 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں واضح نہیں ہوسکا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ بم دھماکہ نہیں تھا۔
کشتی میں 35 غیرملکی مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے اور وہ گلی تراونگن جزیرے کی جانب جارہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گلی کیٹ ٹو نامی کشتی مشرقی بالی میں بڈنگ بائی کی بندرگاہ سے روانہ ہوئی اور 200 میٹر کے فاصلے پر اس میں دھماکہ ہوگیا۔
مقامی پولیس چیف سوگینگ سدرسو کا کہنا ہے کہ ’عینی شاہدین (مسافروں( اور جو کچھ میں نے دیکھا، یہ دھماکہ فیول ٹینک میں ہوا تھا۔‘
’اس کے اوپر بیٹری تھی، شاید وہاں شارٹ سرکٹ ہوا جس کی وجہ سے ایندھن کا ٹینک متاثر ہوا۔‘
اس سے پہلے بھی انڈونیشیا میں کشتیوں کے جان لیوا حادثے رونما ہوچکے ہیں۔
گذشتہ سال بالی سے قریبی سیاحتی جزیرے لمبوک جانے والی کشتی میں ایک دھماکے سے درجنوں سیاح زخمی ہوگئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







