ملائیشیا: کشتی غرقاب ہونے سے 66 افراد لاپتہ، ہلاکتوں کا خدشہ

،تصویر کا ذریعہReuters
ملائیشیا کے حکام کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کے ساحل کے قریب ایک کشتی غرقاب ہو گئی ہے جس میں درجنوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی اس کشتی پر 97 افراد سوار تھے جن میں سے 31 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 66 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر اور پانچ امدادی کشتیاں اس علاقے کے لیے روانہ کی گئی ہیں تاکہ لوگوں کو تلاش کیا جا سکے۔
ملائیشیا کی بحریہ انفورسمنٹ ایجنسی کے ترجمان کے مطابق سانحے کا شکار کشتی کے سواروں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
اطلاعات کے مطابق لکڑی کی یہ کشتی آبنائے ملاکا میں بینٹنگ کے قریب کلانگ بندرگاہ کے ساحل سے دور منگل اور بدھ کو نصف شب کو ڈوبی۔
بحریہ کے ایک اہلکار محمد زوری نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ یہ اس کشتی کو بحری سفر کی اجازت نہیں تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کشتی پر سوار تمام افراد انڈونیشیا کے رہنے والے تھے جو غیرقانونی طور پر جزیرہ نما ملاکا کے راستے ملائیشیا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم اس بارے میں متضاد خبریں بھی ہیں کیونکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ لوگ اسلامی مہینے رمضان کے لیے اپنے وطن انڈونیشیا لوٹ رہے تھے۔
ابھی تک حادثے کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا ہے، نہ ہی یہ معلوم ہو سکا ہے کہ کشتی میں کتنے افراد کی گنجائش تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ ملائیشیا مشرق بعید کے ممالک میں نسبتاً زیادہ امیر ملک ہے اور وہاں پڑوس کے ممالک بطور خاص انڈونیشیا اور بنگلہ دیش سے کثیر تعداد میں لوگ جاتے ہیں جن میں غیر قانونی طور پر جانے والوں کی بھی بڑی تعداد ہے۔
یاد رہے کہ اس علاقے میں اس طرح کے واقعات اکثرو بیشتر پیش آتے رہتے ہیں اور سالانہ ہزاروں افراد خراب کشتیوں کے حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں۔







