ڈونلڈ ٹرمپ کا تارکین وطن کی ’سخت جانچ پڑتال‘ کا مطالبہ

ٹرمپ کے مطابق کچھ ممالک کے شہریوں کو امریکی ویزا نہیں ملے گا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنٹرمپ کے مطابق کچھ ممالک کے شہریوں کو امریکی ویزا نہیں ملے گا

امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ منتخب ہونے پر وہ تارکین وطن کی جانچ پڑتال کے عمل کو انتہائی سخت کر دیں گے۔

امریکی ریاست اوہائیو‌ میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے ’اسلامی انتہا پسندی‘ سے نمٹنے کے لیے اپنی منصوبہ بندی پیش کی جس میں امریکہ آنے والوں کے لیے سخت سکریننگ کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق امریکہ آنے کے لیے درخواست دینے والوں کی سکریننگ کے عمل کے تحت پتہ لگایا جائے گا کہ وہ اعتدال پسند ہیں یا نہیں اور دوسرے مذاہب کے بارے میں کہیں وہ کٹر خیالات تو نہیں رکھتے۔

ٹرمپ کی منصوبہ بندی کے مطابق کچھ ممالک کے شہریوں کو امریکی ویزا نہیں ملے گا تاہم وہ کون سے ملک ہوں گے ابھی یہ واضح نہیں ہے۔

اپنی تقریر میں انھوں نے اپنا یہ متنازع بیان نہیں دہرایا جس میں انھوں نے ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کو شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کا ’بانی‘ قرار دیا تھا اور نہ ہی انھوں نے اس شدت پسند گروہ کے خاتمے کے لیے اپنی عسکری سٹریٹجی بیان کی۔

ڈونلڈ نٹرمپ نے کہا وہ کسی بھی ایسے ملک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں جو دولت اسلامیہ کا خاتمہ کرنے میں امریکہ کی مدد کرے گا۔

انھوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ جب عراق جنگ شروع ہوئی تھی تب انھوں نے اس کی مخالفت کی تھی۔

تاہم ماہرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ دعوی صحیح نہیں ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ عراق میں تیل کے وسیع ذخائر پر دولت اسلامیہ کا قبضہ ہونے سے پہلے ہی امریکہ کو انھیں اپنے ہاتھ میں لے لینا چاہیے تھا۔