’نوح کی کشتی‘ تھیم پارک میں

امریکی ریاست کینٹکی کے ایک تھیم پارک میں پیغمبر نوح کی معروف کشتی کی شکل کی ہی ایک بہت بڑی لکڑی کی کشتی تیار کر کے نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔
یہ کشتی تقریباً 510 فٹ لمبی، 85 فٹ چوڑی اور 51 فٹ اونچی ہے۔
اسے ان عیسائیوں نے بنوایا ہے جن کا عقیدہ ہے کہ طوفان نوح کی معروف کہانی ایک تاریخی واقعہ ہے۔

’انسرز ان جینسز‘ نامی جس وزارت نے اسے بنوایا ہے اس کا کہنا ہے کہ پارک میں بطور نقل جو کشتی پیش کی گئی ہے اس کی لمبائی چوڑائی بائبل میں درج تفصیلات کے مطابق ہے۔

اس کشتی میں بعض جانوروں اور ان مویشیوں کی بھی نقل پیش کی گئی جن کے متعلق یہ مانا جاتا ہے کہ وہ بھی نوح کی کشتی میں سوار کیےگئے تھے۔ اس کشتی میں نوح کی فیملی کو بھی اسی انداز میں دکھایا گیا ہے جس طرح گروپ کا عقیدہ ہے۔
اس گروپ کا ماننا ہے کہ 6 ہزار برس قبل خدا نے ڈائنوسارز سمیت دنیا کی مختلف چیزوں کی تخلیق کی تھی۔ جبکہ اس کے برعکس سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انسانوں کی آمد سے قبل ہی ڈائنوسارز دنیا سے تقریباً ساڑھے چھ کروڑ برس قبل ہی معدوم ہوچکے تھے۔

اس کشتی کی تعمیر پر تقریباً سو ملین ڈالر کا خرچ آیا ہے۔
لیکن سائنٹیفک سوچ رکھنے والے بہت سے لوگوں نے اس طرح کی نمائش پر نکتہ چینی کی ہے اور کہا ہے چونکہ یہ فکر سائنسی نظریات کے مخالف ہے اس لیے اس طرح کے پراجیکٹ کے لیے ٹیکس کی رعاتیں نہیں ملنی چاہیے تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مخالفین نے خبر رساں ادارے اے پی سے بات چیت میں کہا کہ کلیسا اور حکومت کے درمیان جو فاصلہ ہونا چاہیے یہ اس کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

اس تھیم پارک سے تھوڑے سے ہی فاصلے پر رہنے والے جم ہلٹن نے کہا: ’بنیادی طور پر یہ کشتی چرچ ہے جو سائنسی طریقے سے غیر تعلیم یافتہ بچوں کی پرورش کرتی ہے اور سائنس کے بارے میں ہی ان سے جھوٹ بولتی ہے۔‘
جس وزارت نے اسے تعمیر کروایا ہے اس کا کہنا ہے کہ پہلے سال میں ہی تقریبا بیس لاکھ لوگ اس پارک کا دورہ کریں گے۔ اس کا افتتاح جمعرات کو ہی کیا گیا ہے۔







