قرض معافی کے بدلے دعا

اطلاعات کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں اس قسم کا سمجھوتا کیا گیا ہو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشناطلاعات کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں اس قسم کا سمجھوتا کیا گیا ہو

روس میں ایک چرچ نے قرض کی رقم ادا کرنے کے بجائے دعویداروں کو دعائیں دینے کا وعدہ کیا ہے۔

زینک نیوز کی ویب سائٹ کے مطابق ’نزہنی نوگوروڈ‘ کے شہر میں واقع اس چرچ نے ایک تعمیراتی کمپنی کے تقریباً دس ہزار ڈالر ادا کرنے تھے اور رقم کی ادائیگی میں ناکامی پر تعمیراتی کمپنی نے چرچ پر مقامی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

خوش قسمتی سے کمپنی کے مالک ایک مذہب پسند عیسائی ہیں اور انھوں نے قرضے کی کچھ رقم اس وعدے پر معاف کر دی ہے کہ چرچ ان کے لیے خصوصی دعا کرے گا۔

اطلاعات کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں اس قسم کا قانونی معاہدہ کیا گیا ہو۔

چرچ کی قانونی ٹیم نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ یہ نیک خیال کمپنی کی جانب سے سامنے آیا تھا۔

’ یہ ہمارے لیے بھی باعثِ حیرت تھا، معاہدہ بھی کمپنی نے خود ہی تحریر کیا ہے۔‘

دوسری جانب ایرا نامی اس کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ’ ہم چرچ کا احترام کرتے ہیں، ہم نے چرچ پر چھوڑ دیا ہے کہ وہ اس معاہدے پر کیسے عملدرآمد کرتے ہیں۔‘

’یہ ان کے ضمیر پر بوجھ ہوگا اگر وہ اس پر عمل نہیں کرتے لیکن ہمیں ان پر مکمل بھروسہ ہے، دعاؤں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، کمپنی اور اس کے ملازمین کی خوشحالی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔‘