’محنتی‘ چینی طالب علم کا جنون

،تصویر کا ذریعہ
اگر آپ کا خیال ہے کہ آپ بہت محنتی ہیں تو ہو سکتا ہے کہ یہ کہانی سن کر آپ اپنے خیالات پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور ہو جائیں۔
آج کل چین میں معاشرتی رابطوں کی ویب سائٹ ’ویبو‘ پر ایک تصویر کا بہت چرچا ہو رہا ہے جس میں ایک طالب علم بظاہر اپنی میز پر بیٹھا پڑھ رہا اور اس کے ارد گرد گدلا سیلابی پانی نظر آ رہا ہے۔
گزشتہ دنوں سے جاری شدید بارشوں کے بعد سے چینی شہر ’اُوہان‘ کے زیریں علاقوں میں سیلاب آیا ہوا ہے اور حکام نے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی شہر میں مزید سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
اس سال اب تک چین کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ 180 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

کپا جا رہا ہے کہ تصویر میں جو نوجوان نظر آ رہا ہے وہ ’اُوہان یونیورسٹی‘ میں پڑھتا ہے اور عین امتحانات کی تیاری کے دنوں میں بارشیں شروع ہو گئیں اور اس کا کمرہ سیلابی پانی سے بھر گیا۔
جوں جوں پانی کی سطح بلند ہوتی گئی، طالب علم نے پڑھائی نہیں چھوڑی اور اپنے پاؤں کرسی کے اوپر رکھ لیے ۔
اطلاعات کے مطابق جب پانی کی سطح مزید بڑھ گئی تو نوجوان پڑھائی جاری رکھنے کے لیے کسی بلند مقام کی تلاش میں کمرے سے نکل آیا اور کچھ دیر بعد جب پانی نیچے گیا تو وہ واپس کمرے میں لوٹ آیا اور پھر سے پڑھائی کرنے لگا۔
ویبو پر تصویر آتے ہی چینی ذرائع ابلاغ اس خبر پر جھپٹ پڑے اور ہر کوئی اس محنتی طالبعم کی تعریف کرنے لگا اور اسے ’محنت کا پیکر‘ قرار دیتا دکھائی دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے طالب علم کے ساتھ رہنے والے نوجوان نے بتایا کہ ان کے روم میٹ جس امتحان کی تیاری کرے ہیں وہ واقعی بہت مشکل امتحان ہے، اور دوسری بات یہ کہ ان کے روم میٹ ہمیشہ اعزازی نمبروں میں امتحان پاس کرتے ہیں۔
کئی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ مذکورہ طالب علم اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہتا ہے، اسی لیے وہ اِن امتحانات کے لیے اتنی زیادہ محنت کر رہا ہے۔
لیکن ویبو پر ہر کوئی نوجوان کی تعریف نہیں کر رہا، بلکہ کچھ لوگوں نے اس تصویر کے حوالے سے مذکورہ طالب علم کا مذاق بھی اڑایا ہے۔ ان لوگوں کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ نوجوان نے تصویر محض یہ دکھانے کے لیے ویبو پر لگائی ہو کہ دیکھو میں کتنا محنتی ہوں۔

ایک صارف نے لکھا: ’ آپ کی تصویر ہو گئی ہے، مزید پوز بنانے کی کوئی ضرورت نہیں۔‘
ایک اور صارف نے لکھا: ’یہ تصویر لی کِس نے ہے۔ تصویر لینا والا بھی آپ کی طرح کوئی ماہر دکھائی دیتا ہے۔‘
ایک اور صارف کے بقول ’کیا یہ لڑکا واقعی پڑھ رہا ہے، یا ہیری پوٹر دیکھ رہا ہے۔‘
کسی نے لکھا کہ ’ مجھے یقین ہے کہ تصویر کے بعد لڑکا کتابیں میز پر چھوڑ کر کہیں نکل گیا ہو گا۔‘
سب سے اچھا کمنٹ شاید اس صارف نے دیا جس نے لکھا ’ تم نے تو مروا دیا۔ اب مجھے بھی جا کر پڑھائی کرنی چاہیے۔‘







