سینڈرز کا انتخابات میں ہلیری کو ووٹ دینے کا اعلان

،تصویر کا ذریعہReuters

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ وہ صدراتی انتخابات میں اپنی حریف ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کو ووٹ دیں گے۔

برنی سینڈرز بھی ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار منتخب ہونے کی دوڑ میں شامل تھے تاہم رواں ماہ سابق سیکریٹری خارجہ ہلیری کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار بننے کے لیے درکار مندوبین کی مطلوبہ تعداد حاصل کر لی تھی۔

خود کو سوشلسٹ کہنے والے برنی سینڈرز نے ایم ایس این بی سی ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ ریپبلکن جماعت کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو روکنے کے لیے ان کے اختیار میں ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

ڈیموکریٹک جماعت کی صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے ہلیری اور سینڈرز میں مقابلہ تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنڈیموکریٹک جماعت کی صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے ہلیری اور سینڈرز میں مقابلہ تھا

تاہم سینڈرزنے اپنی انتخابی مہم کو ختم کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

گذشتہ ہفتے بھی سینڈرز نے ایک تقریر میں اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ ان کے لیے یہ بات بہت اہم ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کی دوڑ جیتنے سے روکیں۔

اپنے خطاب میں انھوں نے کہا تھا کہ’اگلے پانچ مہینوں کےدوران ہمارا سب سے بڑا سیاسی ہدف یہ ہو گا کہ ہم ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کو یقینی بنائیں۔انھیں بری طرح شکست دیں اور اس مقصد کے لیے میں ذاتی طور پر اپنا رول شروع کرنا چاہتا ہوں۔‘