شام میں اغوا ہونے والے ہسپانوی صحافی وطن پہنچ گئے

شام میں گذشتہ برس اغوا ہونے والے تین ہسپانوی صحافی رہائی ملنے کے بعد سپین کے دارالحکومت میڈرڈ پہنچ گئے ہیں۔
اینٹینیو پیمپلیگا، جوزے مینیوئل اور اینجل ستارے نامی یہ صحافی تقریباً دس ماہ قبل شام کے سب سے بڑے شہر حلب سے لاپتہ ہو گئے تھے۔
تینوں صحافیوں کو ہسپانوی وزاتِ دفاع کے ایک طیارے کے ذریعے ترکی سے میڈرڈ پہنچایا گیا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ان صحافیوں کو کس نے اغوا کیا تھا اور ان کی رہائی کیسے عمل میں آئی ہے۔
سپین کے وزیراعظم نے سماجی رابطوں کی سائٹ ٹویٹر پر ان صافیوں کی ایک تصویر پوسٹ کی ہے اور اس کے ساتھ لکھے گئے اپنے پیغام میں ان کو ’خوش آمدید‘ کہا ہے۔
میڈرڈ پہنچنے پر صحافیوں کے اہلِ خانہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور صحافیوں کے چہروں پر بھی خوشی عیاں تھی۔
صحافیوں کے اہلِ خانہ نے سماجی رابطوں کی سائٹس پر جاری کیے گئے اپنے پیغامات میں بھی اپنے پیاروں کی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ادھر سپین کے وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ان صحافیوں کی رہائی میں دوست اور اتحادی ممالک نے مدد فراہم کی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بیان میں ترکی اور قطر کی جانب سے صحافیوں کی رہائی میں’ کلیدی کردار‘ کی خصوصاً تعریف کی گئی ہے۔
بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ آیا ان کی رہائی کے لیے تاوان ادا کیا گیا ہے کہ نہیں۔
خیال رہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی کے بعد سے متعدد صحافیوں شدت پسند گروہوں کے ہاتھوں ہلاک اور اغوا ہوچکے ہیں۔







