پیلمائرا میں اجتماعی قبر کی دریافت

حکومتی افواج نے حال ہی میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو شکست دیکر قدیمی شہر پیلمائرا پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC Arabic photographer Wissim Abdo

،تصویر کا کیپشنحکومتی افواج نے حال ہی میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو شکست دیکر قدیمی شہر پیلمائرا پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیا ہے

شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ملک کی فوج کو حال ہی میں دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے آزاد کروائےگئے قدیم شہر پیلمائرا میں ایک اجتماعی قبر ملی ہے۔

اس اجتماعی قبر سے 40 لاشیں ملی ہیں جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے شامی فوج کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ جن افراد کی لاشیں ملی ہیں ان کا تعلق حکومت نواز ملیشیا سے تھا۔

قبر میں دفنائے جانے والوں میں سے 24 سرکاری افسران کے رشتہ دار اور عام شہری تھے۔

اطلات کے مطابق تمام لاشوں کو حمص کے ایک فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

خیال رہے کہ حکومتی افواج نے حال ہی میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کو شکست دیکر قدیمی شہر پیلمائرا پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیا ہے۔

شام کے صدر بشارالا سد نے پیلمائرا پر حکومتی افواج کے قبضے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم پیش رفت قرار دیا تھا۔

صدر اسد کے بقول پیلمائرا میں دولتِ اسلامیہ کو شکست شامی افواج اور اس کے اتحادیوں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہترین کارکردگی کا مظہر ہے۔

خیال رہے کہ دولت اسلامیہ نے اس قدیم شہر پر گذشتہ سال مئی میں قبضہ کر لیا تھا اور وہاں موجود دوہزار سال پرانے آثار قدیمہ کو نقصان پہنچایا تھا جس کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی تھی۔